گلگت (سپورٹس لنک رپورٹ)دوسرے نمائشی بیس بال میچ میں پاکستان وائٹ نے پاکستان گرین کو شکست دے دی پاکستان فیڈریشن بیس بال نے دنیا کے بلند ترین مقام پر بیس بال میچز کا انعقاد کرواکر تاریخ رقم کردی۔ فیڈریشن نے دنیا کے بلند ترین مقام گلگت بلتستان میں بیس بال کے نمائشی میچز کا انعقاد کر کے ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔
پاکستان فیڈریشن بیس بال کے سیکرٹری جنرل شیخ مظہر احمد نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ فیڈریشن نے دنیا کے بلند ترین مقام گلگت بلتستان میں بیس بال کی ڈیویلپ منٹ اور پروموشن کے لئے پاکستان گرین اور پاکستان وائٹ کی ٹیموں کے درمیان بیس بال کے نمائشی میچز کا انعقاد کیا۔
شیخ مظہر احمد نے بتایا کہ گلگت میں کھیلے جانے والے دوسرے نمائشی میچ میں پاکستان وائٹ نے پاکستان گرین کو 8 – 6 سے ہرا دیا۔ پاکستان وائٹ کی جانب سے عمیر امداد بھٹی اور سید امین آفریدی نے دو دو رن سکور کئے۔ جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں سید علی شاہ، عبداللہ، فضل الرحمن، اور عالمگیر خان نے ایک ایک رن سکور کیا۔ پاکستان گرین کی جانب سے سمیر زوار نے ایک بار پھر بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 رن سکور کئے۔ جبکہ سید محمد شاہ، فقیر حسین، محمد ذاکر اور عزیز الرحمن نے ایک ایک رن سکور کیا۔ میچ میں چیف امپائر کے فرائض جمیل کامران نے انجام دئیے۔
پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخرعلی شاہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم نے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا اور دنیا کے بلند ترین مقام گلگت بلتستان میں بیس بال میچز کا انعقاد کیا۔ امید ہے کہ نمائشی میچز کے انعقاد سے گلگت بلتستان میں بیس بال کی پروموشن اور ڈیویلپ منٹ میں مدد ملے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کل سے پاکستان فیڈریشن بیس بال گلگت میں دو روزہ بیس بال کوچنگ کلینک کا اہتمام کررہی ہے جس میں پاکستان نیشنل بیس بال ٹیم کی پچنگ کوچ طارق ندیم پچنگ کے حوالے سے کھلاڑیوں اور کوچز کو مفید ٹپس دیں گے۔ کلینک کے اختتام پرشرکاء میں سرٹیفیکٹ بھی تقسی کئے جائیں گے۔
مہمان خصوصی حسین علی کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ اس علاقے میں بیس بال کے میچز کا انعقاد کیا گیا۔ مستقبل میں گلگت بلتستان میں بیس بال کی ترقی و ترویج کے لئے ایسوسی ایشن کی ہر ممکن مدد کریں گے۔