لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے جمعرات کے روز نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی جونیئر ٹینس اکیڈمی کا افتتاح کیا، افتتاحی تقریب سٹیٹ آف دی آرٹ ٹینس کورٹ میں منعقد ہوئی، رائے تیمور خان بھٹی نے فیتہ کا ٹ کر جونیئر ٹینس اکیڈمی کے قیام کا اعلان کیا
ہوا میں غبارے چھوڑے گئے، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی، وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب رائو زاہد قیوم، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشدا ولکھ اور ٹینس سٹار اوشنا سہیل نے ٹینس کھیل کر اکیڈمی کا آغاز کیا، ٹینس سٹار اوشنا سہیل اور نور نے نمائشی میچ بھی کھیلا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ و ائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب رائو زاہد قیوم ،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ، جونیئر ٹینس اکیڈمی کے نگران رشید ملک بھی موجود تھے
تقریب میں ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر چاند پروین اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی جونیئر ٹینس اکیڈمی قائم کی جارہی ہے جوکہ ٹینس کے فروغ کے لئے انتہائی خوش آئند اقدام ہے
نوجوانوں کو سپورٹس کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے مختلف کھیلوں کی اکیڈمیز قائم کررہے ہیں، ڈی جی خان میں کرکٹ، گوجرہ میں ہاکی کی اکیڈمیز کام کررہی ہیں، جونیئر ٹینس اکیڈمی میں 4سے12سال تک کے بچوں اور بچیوں کو تربیت دی جائے گی، ان کے ٹریننگ ٹائمنگ 3سے 6بجے روزانہ ہوں گے، اکیڈمی کے نگران پاکستان کے سابق ڈیوس کپ کپتان رشید ملک ہوں گے، رشید ملک تمغہ امتیارز ہیں اور انہوں نے ٹینس میں اپنا مقام بنایا ہے
نئے کھلاڑی ان کے تجربے سے استفادہ کریں گے، صوبائی وزیر کھیل نے مزید کہا کہ اکیڈمی میں رجسٹریشن سکولوں کے بچے اور عام شہری کراسکتے ہیں جس کی معمولی فیس رکھی گئی ہے، ٹینس اکیڈمی میں تین کوچز کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے
پاکستان کے نوجوان سپوت اعصام الحق جنہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے وہ بھی اپنا کچھ وقت نکال کر اکیڈمی کو دیں گے اور بچوں کو اپنی ماہرانہ رائے دیں گے، انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے بعد کھیلوں کی سرگرمیاں ایس او پیز کے تحت شروع کردی ہیں، کورونا کا خاتمہ ہوتے ہی سپورٹس کے بھرپور ایونٹس کرائے جائیں گے، اس کے لئے شیڈول بنا رہے ہیں، تقریب میں ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی ودیگر مہمانوں کو خوش آمدید کہا
، ان کا کہنا تھا کہ آج خوشی کا دن ہے کہ سٹیٹ آف دی آرٹ ٹینس کورٹ میں بچوں کیلئے اکیڈمی کام شروع کررہی ہے،ٹینس کے فروغ کے لئے 50 ملین روپے کی لاگت سے 5 پریکٹس کورٹ بھی تعمیر کریں گے۔ جونیئر ٹینس اکیڈمی کے قیام سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔
تقریب کے اختتام پرڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی اور وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب رائو زاہد قیوم کو سوینئر دیئے، کھلاڑیوں نے صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی، وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب رائو زاہد قیوم اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کیساتھ گروپ فوٹوز بنوائے۔