نیشنل انڈر 19 تھری ڈے ٹورنامنٹ : سدرن پنجاب اور سندھ کے مابین میچ ڈرا

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)مریدکے کنٹری کلب میں سندھ اور سدرن پنجاب کی انڈر19 ٹیموں کے مابین کھیلا گیا تین روزہ میچ ڈرا ہوگیا۔ بارش اور خراب روشنی کے باعث میچ کے آخری روز کھیل کا آغاز ہی نہ ہوسکا۔میچ میں دفاعی چیمپئن سندھ کے کپتان صائم ایوب نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا تو سدرن پنجاب کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 183 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔جواب میں سندھ نے اپنی پہلی اننگز میں 207 رنز بنائے تھے۔ سدرن پنجاب نےمیچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 67 رنزبنائے تھے کہ میچ روک دیا گیا جو بعدازاں شروع ہی نہ ہوسکا۔سدرن پنجاب کے طاہر حسین اور سندھ کے طلحہٰ احسن نے میچ کی پہلی پہلی اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری جانب جڑواں شہروں میں جاری دونوں میچوں میں آج شیڈول دوسرے روز کا کھیل روک دیا گیا۔ ایوب پارک گراؤنڈ راولپنڈی اور شالیمار گراؤنڈ اسلام آباد میں جاری دونوں میچزکے دوسرے روز کھیل کا آغازہی نہیں کیا گیا۔

اس سے قبل ایوب پارک گراؤنڈ راولپنڈی میں ناردرن اور بلوچستان کے مابین جاری میچ کے پہلے روز صرف 21 اوورز کا کھیل ہی ہوسکا تھا ۔ناردرن نے بلوچستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنائے تھے کہ میچ خراب روشنی کے باعث روک دیا گیا جو بعدازاں شروع ہی نہیں کیا جاسکا۔

ادھر شالیمار گراؤنڈ اسلام میں سنٹرل پنجاب اور خیبرپختونخوا کے درمیان جاری میچ کے پہلے روز 51 اوورز کا کھیل ہوا تھا، جہاں سنٹرل پنجاب نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔ پانچوں کھلاڑیوں کو کے پی کے اسپنر ذیشان احمد نے آؤٹ کیاتھا۔پہلے روز سنٹرل پنجاب کے اوپنر شاو یز عرفان 66 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے تھے۔

error: Content is protected !!