ہمدرد یونی ورسٹی کے زیر اہتمام ایچ ای سی انٹر ورسٹی کرکٹ ٹورنامنٹ


 کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)ہمدرد یونی ورسٹی کے زیر اہتمام ایچ ای سی انٹرورسٹی زون ’’جی‘ کرکٹ  ٹورنامنٹ  2020-21کراچی یونی ورسٹی نے سخت مقابلے کے بعد ہمدرد یونی ورسٹی کو فائنل میں چار وکٹوں سے ہراکر جیت لیا۔ فائنل ہمدرد یونی ورسٹی گرائونڈ پر کھیلا گیا۔ اس ٹورنامنٹ میں کراچی کی بارہ جامعات کی ٹیموں نے شرکت کی ۔
تفصیلات کے مطابق ہمدرد یونی ورسٹی نے مورخہ ۱۹ نومبر کو ا نٹرورسٹی زون ’’G‘‘ کرکٹ  ٹورنامنٹ 2020-21 کا انعقاد کیا جس کا فائنل مورخہ ۲۲ نومبر بر وز اتوار کھیلا گیا۔ ٹورنا منٹ میں ۱۲ جامعات کی ٹیموں نے شرکت کی جن میں اقرا ء یونی ورسٹی ، عِلما یونی ورسٹی ، SZABIST،PAF-KIET، انسٹی ٹیوٹ  آف بزنس مینجمنٹ، سرسید یونی ورسٹی، این ای ڈی یونی ورسٹی ، کراچی یونی ورسٹی، ہمدرد یونی ورسٹی، شہید بے نظیر بھٹودیوان یونی ورسٹی، PIMSAT اور آئی بی اے شامل ہیں۔
ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ ہمدرد یونی ورسٹی اور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ کے درمیان کھیلا گیا۔ بعد ازاں دیگر مقابلوں میں کراچی یونی ورسٹی ، سرسید یونی ورسٹی ، پی اے ایف، اقراء، این ای ڈی اور PIMSAT نے کامیابی حاصل کی۔ سیمی فائنل میں ہمدرد یونی ورسٹی نے این ای ڈی کی ٹیم کو سخت مقابلے کے بعد شکست دی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں کراچی یونی ورسٹی نے اقرا یونی ورسٹی کو ہرادیا۔
فائنل میں ہونے والے دلچسپ مقابلے میں ہمدرد یونی ورسٹی نے پہلے کھیلتے ہوئے بیس اوورز میں 136رنز کا ہدف دیا جو کراچی یونی ورسٹی کی ٹیم نے چھ وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے ٹورنامنٹ اپنے نام کیا۔ہمدرد یونی ورسٹی کے تمام فیکلٹی ممبران اور رجسٹرار جناب پرویز احمد میمن بھی مقابلوں سے لطف اندوز ہوئے۔ طالب علموں کی بڑی تعداد نے ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے میچز کو دیکھا اور اپنی پسندیدہ ٹیموں کو سپورٹ کیا۔
ٹورنامنٹ کے اختتام پر فاتح ٹیم کو ٹرافی اور انعامات دئیے گئے۔ وائس چانسلر کراچی یونی ورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔اس کے علاوہ اختتامی تقریب میں مختلف یونی ورسٹیوں کے وائس چانسلرز خصوصی طور پر مدعو تھے جن میں وائس چانسلر شہید بے نظیر بھٹو دیوان یونی ورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب خان، وائس چانسلر اقراء یونی ورسٹی پروفیسر ڈاکٹر وسیم اے قاضی شامل ہیں۔
وائس چانسلر ہمدرد یونی ورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شبیب الحسن نے اختتامی کلمات میں کہا کہ کوویڈ ۱۹ کی وجہ سے ٹورنامنٹ میں حکومت کے جاری کردہ ایس او پیز پر پوری طرح سے عمل درآمد یقینی بنایا گیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ طالب علموں کے لیے کھیلوں کی سرگرمیاں اُن کی ذہنی و جسمانی صحت کے لیے بہت ضروری ہیں۔ہمدرد یونی ورسٹی کے بانی اور پہلے چانسلر شہید حکیم محمد سعید نے نوجوانوں میں علم کی جستجو پیدا کرنے کے ساتھ اُن کی عمومی صحت کو بہتر بنانے پر بہت زور دیا ہے۔اس لیے ہمدرد یونی ورسٹی اپنے تعلیمی سال میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو کلینڈر میں شامل کرتی ہے۔ اُنہوں نے فاتح ٹیم کو مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ باقی ٹیمیں اگلے ٹورنامنٹس کے لیے بھرپور تیاری کریں گی۔
ایچ ای سی کی جانب سے ملک بھر کی تمام یونی ورسٹیوں کے مابین ہر سال اکتوبر تا جون مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوتے ہیں۔

تعارف: newseditor