بیونس آئرس(سپورٹس لنک رپورٹ)دنیائے فٹبال کے عظیم ہیرو اور ارجنٹینا کے فٹ بال لیجنڈ میراڈونا کو بیونس آئرس کے بیلا وسٹا قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ارجنٹینا کے فٹ بال لیجنڈ میراڈونا کی تدفین میں خاندان کے افراد اور قریبی احباب نے شرکت کی جب کہ تدفین سے قبل ہیرو کی میت کو بیونس آئرس کی سڑکوں سے گزار کر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
میراڈونا کے آخری دیدار کے لیے صدارتی محل میں مداحوں کا رش لگ گیا، ارجنٹائن کے صدر البرٹو فرنینڈز جب صدارتی محل پہنچے تو وہاں فٹبال لیجنڈ کے مداحوں کا تانتا بندھا ہوا تھا۔
فٹبال لیجنڈ کے مداح ان کے آخری دیدار کے وقت بے قابو ہو گئے اور نظم و ضبط بحال رکھنے کی کوششوں میں جذباتی مداحوں کی پولیس سے جھڑپ کا ناخوشگوار واقعہ بھی پیش آیا جس میں کچھ افراد کو معمولی بھی زخم آئے۔
بعد ازاں ارجنٹینا کے صدر نے فٹبال ہیرو کو الوداع کہا اور ان کے تابوت پر میراڈونا کے نام والی سرخ ٹی شرٹ رکھی جب کہ نیپل کے فٹبال کلب نیپولی نے میچ سے قبل کچھ دیر کی خاموشی بھی اختیار کی۔خیال رہے کہ ارجنٹائن کے لیجنڈ اسٹار فٹبالر ڈیاگو میراڈونا حرکت قلب بند ہو جانے سے انتقال کر گئے تھے۔