پاکستان کرکٹ ٹیم کے 6 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت


اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)گزشتہ روز ‏نیوزی لینڈ میں موجود قومی ٹیم کے 6 کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان میں ایک سابق کپتان سرفراز احمد اور دو ٹیسٹ ٹیم کے ریگولر فاسٹ بولر محمد عباس اور نسیم شاہ شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان شاہینز کے کپتان روحیل نذیر، دانش عزیز اور عابد علی بھی کورونا مثبت آنے والوں میں شامل ہیں۔دو کھلاڑی ایسے ہیں جن کا پہلے بھی کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آچکا ہے اور دونوں وائرس کی ہسٹری رکھتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ان 6 اراکین کی قرنطینہ میں کم از کم 4 بار کووڈ 19 ٹیسٹنگ ہو گی۔نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق پاکستان اسکواڈ کے کچھ اراکین نے آئسولیشن کے پہلے روز ایس او پیز کی خلاف ورزی بھی کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز کی جانب سے کووڈ پروٹوکول کی خلاف ورزی کے دو واقعات نیوزی لینڈ پہنچنے کے پہلے 12 گھنٹے کے دوران ہی سامنے آ گئے تھے، پاکستانی کھلاڑیوں نے اس وقت پروٹوکول کی خلاف ورزی کی جب انہیں ہوٹل میں کھانا پیش کیا گیا اور کھانے کی ٹرے کمرے کے باہر رکھ دی گئی ، ٹرے وصول کرتے وقت کئی کھلاڑیوں نے ماسک نہیں پہن رکھے تھے۔

دوسرے واقعے کے مطابق کیمروں نے کچھ کھلاڑیوں کو ہوٹل میں اپنے کمروں کے دروازے کھول کر ایک دوسرے سے گفتگو کرتے ریکارڈ کرلیا۔اسی طرح کھلاڑی مسلسل کمروں کے باہر کوریڈور میں ملتے رہے نہ ماسک استعمال کررہے تھے اور نہ سماجی فاصلوں کو اہمیت دی جارہی تھی۔

تعارف: newseditor