کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں سنٹرل پنجاب نے سندھ کو 227 رنز سے شکست دے دی،سندھ کی ٹیم کو 432 رنز کا ہدف ملا تھا،میچ کے چوتھے روز سندھ کی ٹیم نے چار وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز سے اننگز کا آغا ز کیا تو سندھ کے سعد علی 31 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے،شہزر محمد نے 50 رنز بنائے، جبکہ سندھ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں کھیل کے چوتھے روز 204 ہی بنا سکی۔سنٹرل پنجاب کے وقاص مقصود نے تین اور حسن علی نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب نے اپنی پہلی اننگز میں 276 رنز بنائے تھے جبکہ سندھ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 92 رنز ہی بنا سکی تھی۔سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے دوسری اننگز میں 247 رنز بنائے تھے اس طرح سنٹرل پنجاب کو سندھ کے خلاف 431 کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔ سنٹرل پنجاب کے وقاص مقصود نے میچ میں9 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حسن علی نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے فرسٹ کلاس میچ میں خیبر پختوخواہ نے بلوچستان کوشکست دے دی، بلوچستان کو جیت کے لیے میچ کے آخری روز 400 رنز کا ہدف حاصل کر نا تھا تاہم اس کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 224 رنز پر ڈھیر ہو گئی، اویس ضیاء 43 اور علی وقاص 44 رنز بناکر نمایاں رہے۔خیبر پختوخواہ کے باؤلرز ثمین گل اور محمد وسیم جونیئر نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ساجد خان نے دو اور عرفان اللہ شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل خیبرپختوخواہ نے اپنی پہلی اننگز میں 320 رنز بنائے تھے جواب میں بلوچستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں120 رنز ہی بنا سکی تھی۔ اس سے قبل خیبرپختوخواہ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 199 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ بلوچستان کے تاج ولی نے میچ میں سات وکٹیں حاصل کیں جبکہ خرم شہزاد نے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، خیبر پختوخواہ کے باؤلر ثمین گل اور محمد وسیم جونئیر نے چھ ،چھ وکٹیں حاصل کیں۔خیبرپختوخواہ کے کامران غلام نے پہلی اننگز میں 153 کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔
یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جانے والے میچ کے چوتھے روز ناردرن کو سدرن پنجاب کے خلاف میچ جیتنے کے لیے 200 رنز درکار تھے۔ ناردرن نے 41.5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے میچ 6 وکٹوں سے جیت لیا ۔ عمرا مین 65 اور حما د اعظم 53 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ عمر امین نے پہلی اننگز میں 102 جبکہ حماد اعظم نے 91 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھیں ۔ دوسری اننگز میں ناردرن کے ناصر نواز نے 68 رنز بنائے ۔ سدرن پنجاب کی جانب سے عمر خان نے دو ، زاہد محمود اور عامر یامین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ میچ میں سدرن پنجاب نے پہلی اننگز میں 285 اور دوسری اننگز میں 295 رنز بنائے جبکہ ناردرن نے پہلی اننگز میں 381 رنز بنائے تھے ۔