اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)طاہر محمود صدر اسلام آباد بیس بال ایسوسی ایشن کی زیر قیادت اسلام آباد اور گلگت بلتستان بیس بال ایسوسی ایشنز کے وفد نے ممبر نیشنل اسمبلی /سپیشل اسسٹنٹ پرائم منسٹر سی ڈی اے افیئر علی نواز اعوان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں طاہر محمود نے علی نواز اعوان کو بیس بال کی ڈیویلپ منٹ اور پروموشن کے لئے کی جانے والی کاوشوں سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گلگت بلتستان بیس بال ایسوسی ایشن کے کوآرڈینیٹرز شاہ رخ خان اور روح اللہ بھی موجود تھے۔
طاہر محمود نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بیس بال کا کھیل پاکستان میں بہت زیادہ مقبولیت حاصل کررہا ہے۔پاکستان ایشیا میں پانچویں جبکہ دنیا میں ستائیسویں نمبر ہے۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال نے ستمبر اکتوبر میں پاکستان کے بلند ترین مقام سکردو اور گلگت میں بیس بال کے نمائشی میچز کا انعقاد کیا۔ جبکہ جولائی 2021میں فیڈریشن شندور اور دیوسائی میں بیس بال کے نمائشی میچز کا انعقاد کرے گی جو دنیا کا بلند ترین مقام ہے۔ اس مقام پر میچز کے انعقاد کے بعد پاکستان فیڈریشن بیس بال دنیا کے بلندترین بیس بال گراؤنڈ کا ریکارڈ قائم کردے گی۔
طاہر محمود نے مزید بتایا کہ بیس بال کو انٹر بورڈ سپورٹس میں بھی شامل کرلیا گیا ہے۔ جس میں پاکستان کے تمام تعلیمی بورڈز حصہ لیتے ہیں۔ اس وجہ سے اب بیس بال سکول اور کالج لیول پر بھی شروع ہوجائے گی جس سے ہمیں پاکستان کی یوتھ، ویمن اور سینئر بیس بال ٹیم کے لئے نوجوان کھلاڑی میسر ہوں گے۔
علی نواز اعوان نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پاکستان فیڈریشن بیس بال بہت اچھا کام کررہی ہے۔ انہوں نے فیڈریشن کو گلگت بلتستان میں میچز کے انعقاد اور انٹر بورڈ سپورٹس میں بیس بال کے شامل کئے جانے پر بھی مبارکبا د دی۔ ان کا کہناتھا کہ یہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ پاکستان ایشیا میں پانچویں اور ورلڈ میں ستائیسویں نمبر پر ہے۔ جبکہ شیندور اور دیوسائی میں بیس بال میچز کے انعقاد سے پاکستان بیس بال کا نام گینزبک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی آجائے گا۔ پرائم منسٹر عمران خان کا بھی یہی ویژن ہے کہ یوتھ کی ڈیویلپ منٹ کے لئے کام کیا جائے اور ان کو اپنی صلاحیتوں کو منوانے کے لئے مناسب پلیٹ فارم مہیا کیا جائے۔