کراچی : الصغیر سیون اے سائیڈ سپر ہاکی لیگ میں مزید چار میچوں کا فیصلہ ہوگیا، عارف اشرف ، سراج الدین اور اتقاءحسن زیدی سیونرز کی کامیابی، شمس الزمان اور مطلوب بیگ کا میچ برابر ہوگیا، لیگ کے دوسرے روز پاکستان یوتھ اولمپک ٹیم کے کوچ محمد علی خان مہمان خصوصی تھے ۔ صدیق میمن اسپورٹس کمپلیکس گلستان اسکاﺅٹس سینٹر گلشن اقبال میں جاری لیگ کے دوسرے روز کھیلے گئے پہلے میچ میں عارف اشرف سیونرز نے مد مقابل ٹیم جہانگیر خان سیونرز کو 3-1 سے شکست دیدی، فاتح ٹیم کی جانب سے شوذب حسین نے دو اور نعمان خان نے ایک گول اسکور کیا شکست خوردہ ٹیم کا واحد گول سعد ظہیر نے بنایا۔ دوسرے میچ میں سراج الدین نے قدیر احمد کو 5-2 سے قابو کرلیا، فاتح ٹیم کی جانب سے جنید خان اور اسد جعفری نے دو، دو جبکہ واصف نمیر نے ایک گول بنایا، حریف کی جانب سے عمیر اسد اور علی تابی نے ایک ، ایک مرتبہ گیند کو جال کی نذرکیا۔
تیسرے میچ میں اتقاءحسن زیدی سیونرز نے عظیم خان سیونرز کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے میں 6-5 سے ہرادیا ، انس صدیقی نے دو، سلمان چوہدری ، حماد راﺅ ، سہیل انور اور حذیفہ نے ایک ، ایک گول بنایا جبکہ حریف کی کی جانب سے عارف حنیف نے دو، طحہ رضا ، سمیر سلیم اور فرازعلی نے ایک ، ایک گول اسکورکیا۔ چوتھا اور آخری میچ جو کہ شمس الزمان اور مطلوب بیگ سیونرز کے مابین کھیلا گیا 3-3 گول سے برابر رہا، شمس الزماں کی جانب سے ذوالفقار علی نے دو اور شہیر ایک مرتبہ گیند کو جال کی نذرکرنے میں کامیاب رہے جبکہ حریف کے سمیع اللہ نے دو اور جنید اسلم نے ایک گول اسکور کیا۔ ان میچوں میں محمد اصغر، ندیم سعید، فہد علی خان، سبطین رضا ، اخلاق بخاری نے امپائرنگ کے فرائض انجام دیئے، حاجی یونس صدیقی، نصرت حسین ، اسد ظہیر، مزمل حسین، محسن علی خان اور طارق خان نے میچز سپروائز کئے۔