•
کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جانے والے میچ میں بلوچستان نے تیسرے روز ناردرن کو ایک اننگز اور 5 رنز سے شکست دے دی ۔ ناردرن نے 169 رنز کے خسارے کے ساتھ تیسرے روز دوسری اننگز کا آغاز کیا ۔ بلوچستان کے کاشف بھٹی اور رضا الحسن کی شاندار باولنگ کی بدولت نارردن کی پوری ٹیم 164 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ کاشف بھٹی نے 67 اور رضا الحسن نے 50 رنز کے عوض چار چار وکٹیں حاصل کیں۔ کاشف بھٹی نے میچ میں 9 جبکہ رضاالحسن نے 7 وکٹیں لیں ۔ ناردرن کی جانب سے سرمد بھٹی نے 31،عمر امین نے 29 اور محمد نواز نے 27 رنز بنائے ۔ ناردرن نے پہلی اننگز میں 203 جبکہ بلوچستان نے پہلی اننگز میں 372 رنز اسکور کیے تھے ۔
اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم میں جاری میچ میں سدرن پنجاب نے سندھ کے خلاف 370 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دوسری اننگز میں تیسرے روز کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کھونے کے بعد 61 رنز بنا لیے ہیں ۔ زین عباس 28 اور عمران رفیق 26 رنز کے ساتھ چوتھے روز کھیل کا آغاز کریں گے ۔ عمر صدیق کو میر حمز ہ نے 7 رنز پر آؤٹ کیا ۔ اس سے قبل سندھ نے تیسرے روز 80 رنز بغیر کسی نقصان کے دوسری اننگز کے کھیل کا دوبارہ آغاز کیا اور 369 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد 399 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈیکلئیر کر دی ۔ سعود شکیل 123 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ ان کی اننگز میں 16 چوکے شامل تھے انہوں نے 157 گیندوں کا سامنا کیا ۔ شرجیل خان نے 74، سعد علی نے 62 اور اسد شفیق نے 55 رنز بنائے ۔ سدرن پنجاب کی جانب سے عامر یامین نے دو وکٹیں لیں ۔سندھ نے پہلی اننگز میں 217 جبکہ سدرن پنجاب نے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 247 رنز بنائے تھے ۔
نیشنل اسٹیڈ یم کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں سنٹرل پنجاب نے خیبر پختونخواہ کے خلاف 128 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے ۔ تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو سنٹرل پنجاب نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 89 رنز بنا لیے تھے ۔ محمد سعد 46 اور قاسم اکرم 12 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں ۔علی زریاب 4 ، محمد اخلاق 26 اور عثمان صلاح الدین صفر پر آؤٹ ہوئے ۔ عرفان اللہ شاہ ، ثمین گل اور ارشد اقبال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ اس سے قبل خیبر پختونخواہ نے تیسرے روز 180 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر کھیل کا آغاز کیا اور 312 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی اننگز ڈیکلئیر کر دی ۔ عادل امین 4 رنز کے فرق سے سنچری مکمل نہ کر سکے ۔ انہوں نے 276 گیندوں پر 96 رنز بنائے ۔ زوہیب خان نے 75 اور ریحان آفریدی نے 16 رنز بنائے ۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے قاسم اکرم نے 51 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں ۔ سنٹرل پنجاب نے پہلی اننگز 351 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلئیر کر دی تھی۔