اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ امور ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ حکومت ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو عالمی معیار کے مطابق تربیت فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹوکیو اولمپکس کے لئے پاکستان کے جیولین تھرو ارشد ندیم سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے آج اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے ارشد ندیم پر زور دیا کہ وہ پاکستانی کھلاڑیوں کی تربیت پر بھرپور توجہ دیں تاکہ انہیں آنے والے ٹوکیو اولمپکس کھیلوں میں حصہ لینے سے قبل اپنے اپنے میدان میں مکمل مہارت حاصل ہو۔ وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ کھلاڑیوں کی تربیت کے حوالے سے حکومت او رپاکستان سپورٹس بورڈ انہیں بھرپور معاونت فراہم کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کھیلوں کے شعبے میں سہولیات فراہم کرنے کا مقصد کھلاڑیوں کو کھیل کے ہر میدان میں مہارت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بحال کر سکیں۔ وفاقی وزیر نے پاکستان سپورٹس بورڈ کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ لاہور میں تربیتی کیمپ کے قیام کے لئے ارشد ملک اور کوچ کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں تاکہ عالمی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں شرکت سے قبل پاکستانی کھلاڑی مکمل مہارت حاصل کر سکیں۔