مائونٹ منگنوئی ٹیسٹ،فہیم اشرف کے 91 اور محمد رضوان کے71 رنز پھر بھی پاکستان 239 پر آئوٹ،نیوزی لینڈ کو 192 رنز کی برتری

مائونٹ منگنوئی (سپورٹس لنک رپورٹ)نیوزی لینڈ کے خلاف ماونٹ منگنوئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم 239 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

میچ کے تیسرے روز کے ابتدائی دو سیشن بارش سے متاثر رہے جبکہ چائے کے وقفے سے چند منٹ پہلے تو اولے پڑنے لگے جس کے باعث میچ پھر روک کر چائے کا وقفہ کر دیا گیا۔

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 30 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی لیکن کیوی پیسرز نے پاکستانی بلے بازوں کو تگنی کا ناچ نچائے رکھا اور ایک کے بعد ایک وکٹ گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

پاکستان کی آدھی ٹیم صرف 50 رنز پر پویلین لوٹ گئی اور پاکستان کو چھٹا نقصان 80 رنز پر ہوا۔

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز سست روی سے کیا، تجربہ کار اظہر علی صرف پانچ رنز بنا کر چلتے بنے، شان مسعود 10، محمد عباس 5، عابد علی 25، حارث سہیل 3 اور فواد عالم 9 رنز بنا سکے۔

قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان اور فہیم اشرف نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو فالو آن ہونے سے بچایا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ساتویں وکٹ کے لیے 107 رنز کی شراکت ہوئی۔

محمد رضوان 71 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ فہیم اشرف نے 15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 91 رنز کی اننگز کھیلی، یاسر شاہ 4 اور شاہین آفریدی 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کائل جیمیسن نے تین جبکہ ٹم ساؤتھی، ٹرینٹ بولٹ اور نیل ویگنر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 431 رنز بنائے تھے جس میں کپتان کین ولیمسن کے 129، راس ٹیلر کے 73 اور ہنری نکولس کے 73 رنز بھی شامل تھے۔

تعارف: newseditor