لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے وفد نے جمعرات کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ملاقات کی ، وفد میں سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ، سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کرنل (ر)آصف ناز کھوکھر شامل تھے، اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان،ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی، پنجاب کے تمام ڈویژنل سپورٹس افسران بھی موجود تھے
ملاقات میں انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ کرانے، ہاکی کے جونیئر کھلاڑیوں کے لئے کیمپ لگانے اور سکول آف ایکسیلینس قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہاکی کے فروغ اور ترقی کے لئے بھرپور کوششیں کررہے ہیں تاکہ پاکستان ہاکی میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرسکے، ہاکی کا نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کے لئے ماضی میں بہت سے ایونٹس کرائے ہیں ،مستقبل میں بھی یہ کام جاری رکھیں گے،انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ بہت جلد منعقد کرائی جائے گی جس میں گراس روٹ لیول سے نیا ٹیلنٹ تلاش کیا جائے گا،انہوں نے مزید کہا کہ ہاکی کے فروغ کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن سے تعاون کرتے رہیں گے، سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ نے کہا کہ ہاکی کے فروغ کے لئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کی خدمات قابل تحسین ہیں، انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ ہاکی کی ترقی کے لئے سنگ میل ثابت ہوگی۔