پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن کی وزیراعظم سے ملاقات،سائوتھ ایشین گیمز کی میزبان کا گرین سگنل مل گیا


اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)حکومت نے پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن (پی او اے) کو پاکستان میں آئندہ برس ہونے والے ساؤتھ ایشن گیمز کی میزبانی کا گرین سگنل دے دیا ہے۔واضح رہے کہ عالمگیر وبا کورونا وائرس کی وجہ سے 2020 میں 14ویں ایشین گیمز نہیں ہوسکے تھے جس کا میزبان پاکستان ہے۔

پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن نے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، بین الصوبائی رابطے کی وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے حکام بھی موجود تھے۔اس موقع پر پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے صدر نے وزیراعظم عمران خان اور میٹنگ کے دیگر شرکاء کو ساؤتھ ایشین گیمز کی تیاری کے بارے میں آگاہ کیا۔

اس پر حکومتی اور عسکری قیادت کی جانب سے مکمل تعاون اور ہر قسم کی مالی سپورٹ کا بھی یقین دلایا گیا۔اس ملاقات میں مہمان کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان نے اس سے قبل1989 اور 2004 میں ان کھیلوں کی میزبانی کی تھی۔تاہم اب حکومت کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد پی او اے کے حکام ساؤتھ ایشین گیمز فیڈریشن کے ساتھ رواں سال ہونے والے گیمز کی تاریخ کو حتمی شکل دیں گے۔

امکان ہے کہ یہ مقابلے اپریل یا اگست میں ہوں گے، جس میں بھارت کو بھی شرکت کرنے کے لیے ساؤتھ ایشین گیمز فیڈریشن کے حکام بات چیت کریں گے۔بھارت کی عدم شرکت کی صورت میں اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان، نیپال، بھوٹان اور مالدیپ کے کھلاڑی ایکشن میں ہوں گے۔

تعارف: newseditor