راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)کمشنر راولپنڈی چیلنج کپ فٹ بال ٹورنامنٹ 22جنوری سے میونسپل سٹیڈیم راولپنڈی میں شروع ہوگا۔ راولپنڈی میں میونسپل فٹ بال سٹیڈیم کی تعمیرومرمت اورتزئین وآرائش کاکام مکمل، دو سال بعد دوبارہ میدان سجے گا۔ ڈویژنل سپورٹس آفیسر راولپنڈی منظرشاہ نے بتایاکہ میونسپل فٹ بال سٹیڈیم کی تعمیرومرمت کاکام مکمل ہوچکاہے اور کمشنر کپ کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں، ٹورنامنٹ کے لئے 16ٹیموں نے رجسٹریشن کرادی ہے جبکہ مزید ٹیموں کی انٹری کی جارہی ہے۔ ٹورنامنٹ ناک آئوٹ سسٹم کے تحے کھیلا جائے گا جس میں راولپنڈی کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ٹورنامنٹ کی افتتاحی و اختتامی تقاریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ اور کمشنر راولپنڈی کیپٹن(ر) محمد محمود ہوں گے۔ انہوں نے بتایاکہ اس ٹورنامنٹ میں سے راولپنڈی کی 4بہترین ٹیموں کاانتخاب عمل میں لایا جائے گا جوبعدازاں ٹوئن سٹی فٹ بال ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گی۔ ٹوئن سٹی فٹبال ٹورنامنٹ میں راولپنڈی اوراسلام آباد کی چار، چار ٹیمیں شرکت کریں گی۔