کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے لیے 20 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کیا اور اس موقع پر ان کا کہنا تھا خوشی ہے کہ ایک بڑی ٹیم پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم سے شاداب خان اور نسیم شاہ کو فٹنس مسائل کے باعث ڈارپ کیا گیا ہے جبکہ شان مسعود، حارث سہیل اور محمد عباس کو اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا سہیل خان پلان کا حصہ ہیں لیکن اس وقت ٹیم میں ان کی جگہ نہیں بن رہی جبکہ فاسٹ بولر حسن علی نے اچھا کم بیک کیا اور کارکردگی دکھائی اس لیے انہیں ٹیم میں شامل کیاگیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سعود شکیل ہر لیول پر پرفارمنس دیکر ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
قومی اسکواڈ
قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، عابد علی، عمران بٹ، اظہر علی، فواد عالم، سرفراز احمد، فہیم اشرف، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، عبد اللہ شفیق، آغا سلیمان، سعود شکیل، کامران غلام، ساجد خان، تابش خان، حارث رؤف، ایم نواز، نعمان علی اور حسن علی شامل ہیں۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 26 جنوری سے کراچی میں ہو گا۔