راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر) کمشنر راولپنڈی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ 23جنوری سے میونسپل سٹیڈیم راولپنڈی میں شروع ہوگا، جس کاافتتاح صوبائی وزیرخواندگی وغیررسمی بنیادی تعلیم پنجاب راجہ راشدحفیظ کرینگے۔ ڈویژنل سپورٹس آفیسر راولپنڈی منظرشاہ نے بتایاکہ ٹورنامنٹ کی تیاریاں مکمل ہیں، ٹورنامنٹ ناک آئوٹ سسٹم کے تحت کھیلا جائے گا جس میں راولپنڈی کے 28فٹ بال کلبوں کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔انہوں نے بتایاکہ اس ٹورنامنٹ میں سے راولپنڈی کی 4بہترین ٹیموں کاانتخاب عمل میں لایا جائے گا جوبعدازاں ٹوئن سٹی فٹ بال ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی۔ ٹوئن سٹی فٹبال ٹورنامنٹ میں راولپنڈی اوراسلام آباد کی چار، چاربہترین ٹیمیں شرکت کریں گی۔