دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ )افغانستان نے آئرلینڈ کے خلاف کلین سوئپ مکمل کرلیا، تیسرے ون ڈے میں حریف ٹیم کو 36 رنز سے ہرادیا اور سیریز تین۔صفر سے اپنے نام کرلی۔9 وکٹ پر 266 رنز بنانے والی افغان ٹیم نے آئرلینڈ کو 230 رنز پر ٹھکانے لگادیا، میچ جیو سوپر سے براہ راست نشر کیا گیا۔ابو ظبی کے تیسرے ون ڈے میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے افغانستان کو بیٹنگ دی، 66 رنز پر چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے تو ٹیم مُشکل میں آگئی
پانچویں وکٹ پر محمد نبی اور اصغر افغان نے 51 رنز کی شراکت قائم کی۔محمد نبی 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اصغر افغان نے41 رنز بنائے، گلبدین نائب 36 رنز بنانے میں کامیاب رہے، لیگ اسپنر راشد خان نے آخر میں ہاتھ دکھائے اور تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 48 رنز کی اننگز کھیلی۔اس طرح افغانستان کی ٹیم 9 وکٹ پر 266 رنز تک پہنچنے میں کامیاب رہی۔جوابی اننگز میں اوپنر پال اسٹرلنگ نے شاندار بیٹنگ کی 119 گیندوں پر 118رنز کی اننگز کھیلی، 6 چھکے اور 9 چوکے لگائے لیکن اُن کی سنچری اننگز رائیگاں گئی کیوں کہ بقیہ بیٹسمین ہدف کے تعاقب میں اچھی بیٹنگ نہ کرسکے اور آئرلینڈ کی ٹیم 48ویں اوور میں 230 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔راشد خان نے بیٹنگ کےبعد بولنگ بھی عمدہ کارکردگی پیش کی اور چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے آل راؤنڈ کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔