کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) محکمہ کھیل کا ایک اور بڑا کام، لیاری کے تیرہ باکسنگ کلبز کو کھیلوں کا مکمل سامان دے دیا گیا، سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز سندھ سید امتیاز علی شاہ نے سادہ تقریب میں سامان کی تقسیم کی، ابتدائی طور پر پاکستان نیشنل باکسنگ کلب اور ینگ لیاری باکسنگ کلب کے عہدیداروں، اولمپئن ملنگ بلوچ اور آصف لال کو دستانے، ہیڈ گارڈ، ٹارگٹ پیڈ، وائینگ مشین، لال اور نیلے کلرز کی کٹس اور دیگر سامان دیا، کھلاڑیوں میں لڑکیوں کی کٹس بھی شامل تھیں
تقریب تقسیم سامان میں پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے نائب صدر اصغر بلوچ، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری احمد علی راجپوت، سندھ ٹینس ایسوسی ایشن کے نائب صدر خالد رحمانی، ایڈیشنل سیکرٹری اسپورٹس شاکر قیوم خانزادہ، سائوتھ باکسنگ کے صدر رسول بخش بلوچ اور سیکریٹری عبدالرزاق بھی موجود تھے، اس موقعے پر سیکریٹری اسپورٹس سندھ سید امتیاز علی شاہ کا کہنا تھا کہ عرصہ دراز کے بعد محکمہء کھیل کی جانب سے یہ سامان دیا جا رہا ہے، انکا کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے فروغ کے لیئے اور کھلاڑیوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیئے اس طرح کے اقدامات کئے جائیں گے، اس موقعے پر پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے نائب صدر اصغر بلوچ اور دیگر نے سیکریٹری اسپورٹس کا شکریہ ادا کیا اور محکمہ کھیل کے تعاون کو سراہا۔