سندھ چوتھے ڈومیسٹک ٹائٹل کے حصول کے لیے پرعزم

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ 21-2020 پاورڈ بائے سروس ٹائرز کے دو سیمی فائنلز جمعے اور ہفتے کو اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کا فائنل اتوار کو کھیلا جائے گا۔

دس راؤنڈز پر مشتمل ایونٹ میں کُل تیس میچز کھیلے گئے، جہاں سندھ نے سات فتوحات کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی جبکہ خیبرپختونخوا نے چھ فتوحات کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔ ناردرن اور سنٹرل پنجاب کی ٹیموں نے پانچ پانچ میچز جیتے مگر بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر ناردرن کو پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن دی گئی۔

لہٰذا، ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں سندھ اور سنٹرل پنجاب کی ٹیمیں جمعے کو آمنے سامنے ہوں گی۔ دوسرا سیمی فائنل خیبرپختونخوا اور ناردرن کے مابین کھیلا جائے گا۔دونوں سیمی فائنلز براہ راست پی ٹی وی اسپورٹس اور پی سی بی کے یوٹیوب چینل پر نشر ہوں گے جوکہ صبح 9:30 بجے شروع ہوں گے۔

تیس ستمبر 2020 سے شروع ہونے والے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں اب تک کھیلے گئے سات ایونٹس میں سے تین سندھ نے جیتے ہیں، جن میں نیشنل انڈر 19 تھری ڈے اور ون ڈے ٹورنامنٹس کے علاوہ سیکنڈ الیون قائداعظم ٹرافی بھی شامل ہے۔ سنٹرل پنجاب (سیکنڈ الیون نیشنل ٹی ٹونٹی کپ)، سدرن پنجاب (سیکنڈ الیون پاکستان کپ) اور خیبرپختونخوا (فرسٹ الیون نیشنل ٹی ٹونٹی کپ ) نے ایک ایک ٹائٹل جیتا۔

سنٹرل پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مابین کھیلا گیا فرسٹ کلاس قائداعظم ٹرافی کا فائنل برابر رہا، جس کی بنیاد پر دونوں ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دیاگیا۔

سندھ بمقابلہ سنٹرل پنجاب:

دونوں ٹیمیں اس سے قبل ایونٹ میں دو مرتبہ مدمقابل آچکی ہیں۔ جہاں کھیلے گئےپہلے میچ میں سندھ نے سنٹرل پنجاب کو 6 وکٹوں سے بآسانی شکست دے دی تھی۔فاتح ٹیم نے 288 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیاتھا۔ اوپنر خرم منظور نے 119 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ انہوں نے دوسری وکٹ کے لیے سعود شکیل کے ہمراہ 108 رنز جوڑے تھے۔ سعود شکیل نے 58 رنز بنائے تھے۔

دوسرے راؤنڈ میچ میں سنٹرل پنجاب نے سندھ کو شکست دے کر بدلہ چکا دیا تھا۔ سنٹرل پنجاب نے 278 رنز کا مطلوبہ ہدف 48.3 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا تھا۔خرم منظور نے 143 رنز کی اننگز کھیلی تاہم طیب طاہر کے 93 اور رضا علی ڈار کی 71 رنز کی اننگز نے فتح سنٹرل پنجاب کے نام کردی۔ آلراؤنڈرز قاسم اکرم اور ظفر گوہر بالترتیب 44 اور 28 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔

سندھ کی جانب سے خرم منظور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ وہ اب تک ایونٹ کے 10 میچوں میں 567 رنز بناچکے ہیں، جس میں 3 سنچریاں اور 2 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ تجربہ کار بیٹسمین اسد شفیق نے اب تک ایونٹ میں 337 رنز بنائے ہیں۔ دانش عزیز 292 اور حسان خان 254 رنز بناکر نمایاں ہیں۔ باؤلنگ کے شعبے میں محمد عمر 14 وکٹیں اپنے نام کرچکے ہیں جبکہ انور علی اور حسان خان نے 11، 11 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ہے۔ میر حمزہ کی وکٹوں کی تعداد 10 ہے۔

سنٹرل پنجاب کے اوپنر طیب طاہر نے اب تک 10 راؤنڈ میچز میں 539 رنز بنائے ہیں۔ ان کی اننگز میں ایک سنچری اور چار نصف سنچریاں شامل ہیں۔ سعد نسیم (391رنز)، قاسم اکرم (385رنز) اور رضوان حسین (347رنز) نے بھی بیٹنگ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔فاسٹ باؤلر احمد بشیر اور اسپنر عثمان قادر ایونٹ میں 14،14 وکٹیں اپنے نام کرچکے ہیں۔ ظفر گوہر نے 9 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔

خیبرپختونخوا بمقابلہ ناردرن:

خیبرپختونخوا نے ناردرن کو پہلے راؤنڈ میچ میں 4 جبکہ دوسرے میں 5 وکٹوں سے شکست دے رکھی ہے۔ این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ناردرن کی پوری ٹیم 112 رنز پر ڈھیر ہوگئی، خیبرپختونخوا نے مطلوبہ ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ افتخار احمد نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

اسٹیٹ بنک اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں ناردرن نے خیبرپختونخوا کو جیت کے لیے 325 رنز کا ہدف دیا۔ حیدر علی نے 95 جبکہ روحیل نذیر نے 68 اور عمر امین نے 67 رنز اسکور کیے۔ جواب میں افتخار احمد کی 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 110 گیندوں پر 123رنز کی عمدہ اننگز نے کے پی کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ عادل امین نے 78 گیندوں پر 93 رنزبنائے۔ فاتح ٹیم نے مطلوبہ ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

عادل امین 353 رنز بناکر اب تک خیبرپختونخوا کے ٹاپ اسکورر ہیں، کپتان خالد عثمان نے 339 رنز اسکور کیے، فخر زمان 312 اور افتخار احمد 306 رنز بناچکے ہیں۔ اسپنر آصف آفریدی 18، افتخار احمد 9جبکہ عمران خان سینر اور عرفان اللہ شاہ 8، 8 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

ناردرن کی جانب سےسب سے زیادہ رنز آصف علی نے بنارکھے ہیں۔ انہوں نے 7 میچوں میں 398 رنز بنائےہیں۔ عمر امین نے 385 اور حماد اعظم نے 349 رنز بنائے۔ باؤلنگ میں بھی حماد اعظم سب سے نمایاں ہیں۔ انہوں نے 12 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔ اطہر محمود 11 اور سلمان ارشاد نے 8 وکٹیں اپنے نام کی ہیں۔

error: Content is protected !!