کراچی ٹیسٹ پاکستان نے 7 وکٹوں سے جیت کر سیریزمیں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی،فواد عالم مین آف دی میچ


کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔کراچی میں کھیلے جا گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن جنوبی افریقہ نے 187 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے اننگز شروع کی تو اسے صرف 29 رنز کی برتری حاصل تھی۔چوتھے دن کی پہلی ہی گیند پر حسن علی نے کیشپ مہاراج کی وکٹیں بکھیر کر پاکستان کو یادگار آغاز فراہم کیا جبکہ دو اوورز بعد یاسر شاہ نے جنوبی افریقی کپتان کوئنٹن ڈی کوک کی اہم وکٹ حاصل کی۔

40 رنز بنانے والے ٹیمبا باووما کے سوا کوئی بھی جنوبی افریقی بلے باز پاکستانی باؤلرز کا ڈٹ کر سامنا نہ کر سکا۔ٹیمبا باووما کا ساتھ دینے جیارج لنڈے آئے تو دونوں کھلاڑیوں نے وکٹیں گرنے کا سلسلہ کچھ دیر کے لیے روک دیا اور ساتویں وکٹ کے لیے 42رنز کی شراکت قائم کی۔نعمان علی نے 11 رنز بنانے والے لنڈے کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا اور پھر کگیسو ربادا بھی ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اینرچ نورجے بھی کوئی رن نہ بنا سکے جبکہ نعمان نے 40 رنز بنانے والے ٹیمبا باووما کو آؤٹ کر کے پانچ وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کر لیا۔جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 245 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور پاکستان کو میچ میں فتح کے لیے 88 رنز کا ہدف دیا ہے۔پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے 5 جبکہ یاسر شاہ نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقہ نے پاکستان کو میچ میں فتح کے لیے 88 رنز کا ہدف دیا۔پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز ایک مرتبہ پھر متاثر کن کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے۔22 کے مجموعی اسکور پر عابد علی اینرچ نورجے کی وکٹ بن گئے جبکہ ایک رن کے اضافے سے عمران بٹ کی اننگز بھی تمام ہوئی۔

https://youtu.be/zeM6CsYxVrw

23 رنز پر دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد خدشہ تھا کہ کہیں آسان ہدف کے تعاقب میں ایک مرتبہ پھر پاکستانی بیٹنگ یکے بعد دیگرے وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار نہ ہو جائے لیکن کپتان بابر اعظم اور اظہر علی نے ٹیم کی ناؤ پار لگا دی۔دونوں کھلاڑیوں نے اس کے بعد سنبھل کر بیٹنگ کی اور پاکستان کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا۔

فتح سے دو رنز قبل بابر اعظم 30 رنز بنانے کے بعد پہلی اننگز کی طرح کیشپ مہاراج کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔پہلی اننگز کے مرد میدان فواد عالم نے کیشپ مہاراج کو چوکا لگا کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے 7 وکٹوں سے فتح حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سیریز میں 0-1 کی برتری بھی حاصل کر لی۔پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے فواد عالم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

error: Content is protected !!