پاکستان کے نوجوان اسکریبل پلیئرز کا بڑا کارنامہ گلیڈی ایٹرز ویسپا ورلڈ یوتھ اسکریبل کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)پاکستان کی میزبانی میں جاری گلیڈی ایٹرز ویسپا ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپیئن شپ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی۔ پاکستان، بھارت، تھائی لینڈ اور سری لنکا نے آخری چار ٹیموں میں جگہ بنالی۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے کوارٹرفائنل میں الفاظ کی طاقت کا بہترین استعمال کرتے ہوئے سنگاپور کو باآسانی شکست دے دی۔ پاکستانی ٹیم نے سنگاپور کیخلاف گیارہ کے مقابلے میں اکیس گیمز سے کامیابی حاصل کی۔ قومی چیمپیئن سید عماد علی تمام کوارٹرفائنلز میں واحد ناقابل شکست کھلاڑی رہے، انہوں نے اپنے تمام چھ گیمز میں فتح حاصل کی۔ علی سلمان نے چھ میں سے پانچ میچز میں کامیابی حاصل کی۔ سری لنکا نے کوارٹرفائنل میں آسٹریلیا کو 12 کے مقابلے میں 24 گیمز سے شکست دی۔ ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیموں میں شامل تھائی لینڈ نے ہانگ کانگ کو 22-14 سے مات دی۔ ٹورنامنٹ کا سب سے دلچسپ اورسنسنی خیز کوارٹرفائنل بھارت اورملائیشیا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ ملائیشیا کی جیت یقینی تھی لیکن آخری لمحات میں ہونے والی غلطی نے بھارت کو 19-17 سے کامیابی دلادی۔ ہفتے کو کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل میں بھارت کا مقابلہ تھائی لینڈ سے ہوگا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کی ٹیم سری لنکا کے مدمقابل آئے گی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار 7 فروری کو کھیلا جائے گا۔ کورونا وائرس کے باعث ٹورنامنٹ کے مقابلے پاکستان کی میزبانی میں آن لائن کروائے جارہے ہیں۔

error: Content is protected !!