راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)پنجاب گروپ آف کالجز نے جیت کی روایت برقرار رکھتے ہوئے راولپنڈی بورڈ گرلز انٹرکالجیٹ بیڈمنٹن چیمپئن شپ 2021ء کاٹائٹل اپنے نام کرلیا۔راولپنڈی تعلیمی بورڈ کے زیراہتمام اورپنجاب کالج کے تعاون سے لیاقت باغ سپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ چیمپئن شپ کے فائنل میں پنجاب کالج فارویمن راولپنڈی نے گورنمنٹ کالج برائے خواتین گوجرخان کو2-1سے شکست دی۔ چیمپئن شپ کاافتتاح ڈویژنل سپورٹس آفیسر راولپنڈی منظرشاہ نے ڈائریکٹرسپورٹس راولپنڈی بورڈ(میل)چوہدری امیرافضل اورڈائریکٹرسپورٹس (فی میل) صوبیہ چوہدری کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر راولپنڈی شمس توحیدعباسی، ڈائریکٹرسپورٹس پنجاب کالجز حافظ محمداسلم، صوبائی کوچ محمداعجاز، مطاہرسہیل اور دیگر آفیشلز بھی موجودتھے۔ چیمپئن شپ میں راولپنڈی ڈویژن کے 13خواتین کالجز کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ ناک آئوٹ سسٹم کی بنیاد پرکھیلاگیا جس میں پنجاب کالج نے اپنے ٹائٹل کاکامیابی سے دفاع کیا۔ ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز پروفیسر چوہدری محمداکرم نے شاندارکامیابی پر پنجاب کالج بیڈمنٹن ٹیم کی کھلاڑیوں اور آفیشلز کومبارکباد پیش کی۔