آل کراچی خلیل میموریل فٹبال ٹورنامنٹ میں 2میچوں کے فیصلے

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) مسلم اتحاد ویسٹ نے اتحاد اسپورٹس نیوکراچی کو 1-4جبکہ قادری اسپورٹس نارتھ کراچی نے محمدی اسپورٹس عزیز آباد کو ٹائی بریکر پر 2-4سے شکست دے کر آل کراچی خلیل میموریل فٹبال ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلہ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔شکیل بلگرامی ایف سی کے زیر اہتمام کالونی اسٹار فٹبال گراؤنڈ نارتھ پر کھیلے گئے پہلے میچ میں مسلم اتحاد اور اتحاد اسپورٹس کے مابین ہونے والے میچ کا پہلا ہاف 1-1سے برابر رہا۔مسلم اتحاد کے فضل کریم نے 5ویں منٹ میں اپنی ٹیم کوبرتری دلائی جسے 24ویں منٹ میں اتحاد اسپورٹس کے کاشف نے برابری میں تبدیل کردیا۔دوسرے ہاف میں میچ یکطرفہ رہا۔ ارباز نے 31ویں اور 50ویں منٹ یکے بعد دیگرے 2گول اسکور کیے۔ ایک گول 49ویں منٹ میں اون ہوا جب متبادل کھلاڑی عبداللہ نے اپنے ہی جال میں گیند کو ڈال دیا۔ دوسرے میچ میں محمد ی بلوچ نے 17ویں منٹ میں گول داغ کر اپنی ٹیم کو پہلے برتری دلائی جسے قادری اسپورٹس کے طحہ خان نے فائنل وسل سے 2منٹ قبل گیند کو جال کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو خسارے سے نکال کر میچ کو ٹائی بریکر پر پہنچا دیا جہاں طحہ خان،محمد ابیر، عمیر احمداور عبداللہ نے قادری اسپورٹس کیلئے درست نشانہ بازی کی جبکہ محمدی بلوچ کیلئے شہریار اور حسان کے نشانے خطا ہوگئے۔ریفری سید کلیم کے معاونین اویس منااور محمد فاروق جبکہ میچ کمشنر عبدالکریم تھے۔3مارچ (منگل) کو سوات شاہین اور مومن آباد ایف سی کے مابین ساڑھے چار بجے مقابلہ ہوگا۔

error: Content is protected !!