پاکستان سپر لیگ،اسلام آباد یونائیٹڈ کی تیسری جیت ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پھر ناکام


کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 کے 12 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیے گئے 157 رنز کے ہدف کو پال اسٹرلنگ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر 17 اوورز میں حاصل کر کے ایونٹ میں تیسری فتح حاصل کرلی۔قبل ازیں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 کے 12 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کپتان سرفراز احمد کی نصف سنچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 156 رنز بنالیے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو باؤلرز نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو حسن علی کے پہلے اوور میں صائم ایوب نے ایک چوکے کی مدد سے 5 رنز بنائے لیکن پانچویں گیند پر پال اسٹرلنگ کو کیچ دے دیا۔کیمرون ڈیلپورٹ اور فاف ڈیوپلیسی نے جارحانہ انداز میں کھیلنے کی کوشش کی لیکن 21 کے مجموعے پر فہیم اشرف نے ڈیل پورٹ کو آؤٹ کردیا۔

گلیڈی ایٹرز کو تیسرا اور بڑا دھچکا حسن علی نے پہنچایا جب ڈیوپلیسی 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔فہیم اشرف نے 41 کے اسکور پر اعظم خان کو بھی آؤٹ کیا جنہوں نے صرف 4 رنز بنائے۔بین کٹنگ نے کریز پر آتے ہی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن محمد وسیم کی گیند پر ان کا کیچ بھی گرایا گیا، جس کے بعد انہوں نے ایک چھکا بھی لگایا.اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان نے 10 ویں اوور کی پانچویں گیند پر خطرناک ثابت ہونے والے کٹنگ کی وکٹ حاصل کی، کٹنگ نے دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 23 رنز بنائے.

کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کو بڑے اسکور کی طرف لے جانے کی جدوجہد جاری رکھی اور 4 چھکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی۔سرفراز احمد نے محمد نواز کے ساتھ مل ٹیم کا اسکور 71 رنز سے 134 رنز تک پہنچایا۔فہیم اشرف نے 54 رنز پر کھیلنے والے گلیڈی ایٹرز کے کپتان کو آؤٹ کردیا، ان کی اننگز میں 3 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔زاہد محمود آخری اوور 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔محمد نواز نے 29 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 31 رنز بنائے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 156 رنز بنائے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں.

پال اسٹرلنگ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے پہلے اوور ایک چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 14 رنز بٹورے۔انہوں نے برق رفتاری سے بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور چوتھے اوور میں ہی ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی۔زاہد محمود نے گلیڈی ایٹرز کو پہلی کامیابی دلائی اور الیکس ہیلز کی وکٹیں اڑا دیں، جنہوں نے 13 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے تھے.پال اسٹرلنگ بھی زاہد محمود کا شکار بنے لیکن وہ برق رفتار 56 رنز بنا چکے تھے اور ٹیم کا اسکور 93 رنز تھا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی تیسری وکٹ 130 رنز پر گری، روحیل نذیر نے شاداب خان کے ساتھ مل کر تسری وکٹ پر 37 رنز کا اضافہ کیا۔روحیل نذیر 34 رنز بنا کر ڈیل اسٹین کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔شاداب خان کو فاسٹ باؤلر محمد حسنین نے آؤٹ کیا، جنہوں نے 21 رنز بنائے تھے۔

error: Content is protected !!