پاکستان کھیلوں کے حوالے سے پرامن ملک،فہمیدہ مرزا

اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ ) وفاقی وزیر، بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان کھیلوں کے حوالے سے پر امن ملک ہے اور اب یہاں غیر ملکی کھلاڑی بھی آ رہے ییں اور پاک جاپان ڈیوس کپ ٹائی (آج) جمعہ سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد کے گراس کورٹ میں شروع ہوگی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ اعصام الحق اور عقیل خان
سمیت دوسرے کھلاڑی ڈیوس کپ ٹائی میں جاپان کے خلاف جیت کے لئے بہت پر عزم ہیں، انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کی عوام کو خوش خبری دینا چاہتی ہوں کہ ہمارے ملک میں انٹرنیشنل ٹینس کے کھلاڑی آ ئے ہوئے ہیں اور آج سے ڈیوس کپ شروع ہونے جا رہا ہے، جاپان ٹیم 25 آفیشلز و کھلاڑیوں پر مشتمل ہے،
وفاقی وزیر نے کہا کہ میرے لئے یہ خوش آئند بات ہے کہ میرے ہوتے ہوئے یہ دوسرا ڈیوس کپ یہاں اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے شکرگزار ہیں کہ جہنوں نے پاکستان کو انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کی میزبانی دی، انہوں نے کہا کہ حکومت، وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان سپورٹس بورڈ نے ڈیوس کپ ٹائی کے لئے پاکستان ٹینس فیڈریشن کو ہر ممکن سہولیات فراہم کردی ہیں اور ان سہولیات کی انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے بھی تعریف کی ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی کھلاڑی پوری محنت سے کھیل کر ملک کا نام روشن کریں گے
پاک جاپان ڈیوس کپ ٹائی ہمارے ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور امید کرتی ہوں کہ یہ بہت اچھا ٹورنامنٹ ہوگا، انہوں نے کہا کہ ہاک آئی ٹیکنالوجی بھی متعارف کروا رہے ہیں، ہاک آئی ٹیکنالوجی پاکستان میں پہلی بار ڈیوس کپ میں استعمال کی جا رہی ہے اس ٹیکنالوجی سے غلطی کے امکانات نہیں ہوتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارا خوبصورت ملک اور پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کا سر سبز گراؤنڈ بھی قابل ستائش ہیں ،انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات بھی فراہم کی جائیں، آخر پر وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے جاپان کی آنے والی ٹیم کو بھی خوش آمدید کہا۔

error: Content is protected !!