پاکستان کے نمبر ون پلیئر وسیم کھتری نے آٹھواں رینکنگ اسکریبل ٹورنامنٹ جیت لیا

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن نے طویل عرصے بعد انفرادی مقابلوں کا دوبارہ آغاز کردیا۔ آٹھویں رینکنگ اسکریبل ٹورنامنٹ کا انعقاد کراچی کے بی وی ایس پارسی اسکول میں کیا گیا۔ کورونا وائرس کے باعث سماجی فاصلے کی وجہ سے ٹورنامنٹ کو صرف 60 کھلاڑیوں تک محدود رکھا گیا۔ پاکستان کے نمبر ون پلیئر وسیم کھتری نے ماسٹرز کٹیگری میں شاندار کارکردگی دکھائی، انہوں نے 9 میں سے 8 گیمز جیت کر فاتح ٹرافی اپنے نام کی۔ وسیم کی کامیابی کا اسپریڈ اسکور 1391رہا۔ ویٹرن طارق پرویز جو ایک سال بعد اپنا پہلا ٹورنامنٹ کھیل رہے تھے، 7 فتوحات کے ساتھ دوسرے نمبرپر رہے۔ محمد عنایت اللہ نے سات گیمز جیت کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ری کریشنل کٹیگری میں جواد علی چھ فتوحات کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے۔ ان کی کامیابی کا اسپریڈ اسکور ایک ہزار 111 رہا۔ مزمل حسن نے دوسری اور احمد سلمان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مہمان خصوصی ولی محمد خبیب نے فاتح کھلاڑیوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔

error: Content is protected !!