اسلام آباد(نیوزرپورٹر)پنجاب کالج بہارہ کہو، اسلام آباد کے سالانہ بوائز سپورٹس اینڈ کلچرل فیسٹیول2021 ء کا افتتاح اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد انیل سعید نے کیا، اس موقع پر کالج کے ڈائریکٹر محمدساجد قریشی، پرنسپل پروفیسر یوسف ابراہیم ،پروفیسر ملک شوکت ، ڈاکٹرافضل بابر، محمدارشد، زین رحمان ، فیکلٹی ممبران اورطلبہ کی کثیرتعداد موجودتھی۔ مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر انیل سعید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سٹوڈنٹس کورونا ایس اوپیز پر سختی سے عمل کریں تاکہ اس عالمی وباء سے بھی محفوظ رہیں اور اپنی تعلیم بھی بہتر طریقے سے جاری رکھ سکیں۔ پڑھائی پرتوجہ دیں اورمحنت سے اپنے والدین کاسرفخر سے بلند کریں۔ انہوں نے کہاکہ میں بھی پنجابین ہوں اور اپنے دور میں ایسے ایونٹس کا چیف آرگنائزر ہوا کرتا تھا،آج پنجاب کالج میں آ کر بہت اچھا لگا، میری یادیں تازہ ہو گئی ہیں،میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ مجھے مہمان خصوصی مدعو کیا گیا ہے،میں آج جوکچھ بھی ہوں اپنے اساتذ ہ کی بدولت ہوں۔ پرنسپل پروفیسر یوسف ابراہیم نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر بھی شعبہ تعلیم کو متاثر کررہی ہے تاہم اس دوران ہم اپنی آ ن لائن کلاسز جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ سپورٹس اورکلچرل پروگرام بڑی اہمیت رکھتے ہیں، ان سے طلباء وطالبات عملی تربیت حاصل کرتے ہیں اورپنجاب گروپ آف کالجز ہمیشہ اپنے سٹوڈنٹس کو تعلیم کیساتھ غیرنصابی سرگرمیوں کے بھرپور مواقع فراہم کرتاہے۔ مہمان خصوصی نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے طلبہ میں میڈلز بھی تقسیم کیے۔