خیبرپختونخوا کی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنزکی ٹیموں کے ٹرائلز جمعرات سے شروع ہوں گے

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی سینئر اور انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کے لیے ٹرائلز 10 جون بروز جمعرات سے شروع ہوں گے۔

پی سی بی نے 3 جون کو صوبائی حکومت کی جانب سے این او سی موصول ہونے کے بعد ان ٹرائلز کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے علاوہ ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے وہ علاقے جو آزاد جموں و کشمیر میں آتے ہیں وہاں ٹرائلز 10 جون سے شروع ہوجائیں گے۔ ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کے وہ علاقےجو صوبہ پنجاب میں آتے ہیں وہاں ٹرائلز پہلے سے ہی جاری ہیں۔

کرکٹ ایسوسی ایشنز کی فرسٹ الیون، سیکنڈ الیون اور انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کا کوچنگ اسٹاف ان ٹرائلز کی نگرانی کرے گا۔ ہائی پرفارمنس سنٹرز کے کوچز اور جونیئر سلیکشن کمیٹی کے ارکان بھی اس ضمن میں ان کی معاونت کریں گے تاہم ٹرائلز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والے ان کھلاڑیوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی متعلقہ سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن سے ہی تعلق رکھتے ہوں۔

ان ٹرائلز میں صرف ان کھلاڑیوں کو شرکت کی اجازت ہوگی جو 12 سے 16 مارچ پر مشتمل اعلان کردہ ونڈو میں ان ایسوسی ایشنز کی سٹی کرکٹ ٹیموں کےٹرائلز کے لیے اپنی رجسٹریشن کراچکے ہیں۔ٹرائلز کی غرض سے وینیو پر پہنچنے کے لیے ان تمام کھلاڑیوں کو اپنے اوریجنل شناختی کارڈیا ب فارم سمیت جمع کروائے گئے اپنے رجسٹریشن فارم کی پرنٹ شدہ کاپیز اپنے ہمراہ لانا ہوں گی۔

تمام وینیوز پر ٹرائلز صبح 9 سے شام 6 بجے تک جاری رہیں گے۔تمام امیدواروں کو صبح 8 بجے تک سفید کٹ میں وینیو پر پہنچنا ہوگا۔

یکم ستمبر 2002 کے بعد اور یکم ستمبر 2006 سے قبل پیدا ہونے والے نوجوان کھلاڑیوں کو ہی ان سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کی انڈر 19 ٹیم کی تشکیل کے لیے منعقدہ ٹرائلز میں شرکت کے لیے رجسٹر کیا گیا تھا۔

سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی سینئر ٹیموں کو دو مختلف ٹورنامنٹس 2 روزہ اور ٹی ٹونٹی فارمیٹ، جبکہ انڈر 19 ٹیموں کو پچاس اوورز پر مشتمل فارمیٹ کے ایک ٹورنامنٹ میں شرکت کرنا ہوگی۔ان ٹورنامنٹس میں عمدہ کارکردگی کی بدولت انہیں اپنی کرکٹ ایسوسی ایشن کی ٹیموں میں جگہ بنانے کا موقع ملے گا۔

اس دوران کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کوویڈ 19 کے پروٹوکولز پر عمل کیا جائے گا۔ جس میں داخلی راستوں پر بخار چیک کرنا، گراؤنڈ کے باہر موجود کھلاڑیوں کا اپنے چہروں کو ماسک سے ڈھانپنا اور سماجی فاصلے سے متعلق ہدایات پر عمل کرنا وغیرہ شامل ہیں۔بیٹ کے علاوہ کھیل کے سامان کے تبادلے یا گیند پر تھوک لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

error: Content is protected !!