پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے 17ویں میچ میں لاہور قلندرز نے راشد خان کی عمدہ بولنگ کی بدولت پشاور زلمی کو پچھاڑ دیا۔ راشد خان نے 4 اوورز میں 20 رنز کے عوض زلمی کے 5 شکار کیے۔
پشاور زلمی مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بناسکی اور یوں لاہور قلندرز نے میچ 10 رنز سے جیت لیا۔
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کا آغاز کچھ اچھا نہیں رہا ، 5 رنز پر ان کے دو کھلاڑی کامران اکمل اور حیدر علی بالترتیب 1 اور 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
شعیب ملک نے ڈیوڈ ملر کے ساتھ ملکر زلمی کی اننگز کو سنبھالا، مگر ملر بھی راشد خان کی بولنگ کے آگے زیادہ دیر نہ ٹک سکے اور 21 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔
شعیب ملک شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھتے گئے، مگر دوسری جانب سے زلمی کے کھلاڑی باری باری آؤٹ ہوتے گئے۔
73 کے مجموعے پر پشاور زلمی کے 6 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے، اس کے بعد زلمی کے کپتان وہاب ریاض اور شعیب ملک نے اسکور 114 پر پہنچایا، وہاب بھی 17 رنز بنا کر شعیب کا ساتھ چھوڑ گئے۔
پشاور زلمی کی آخری امید شعیب ملک بھی 73 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔ نئے آنے والے کھلاڑی عمید آصف نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12 گیندوں پر 3 چھکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے راشد خان نے 5 وکٹیں حاصل کی جبکہ جیمز فولکنر نے 2 اور حارث رؤف نے زلمی کے دو شکار کئے۔
قبل ازیں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 171 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
لاہور قلندرز نے 20 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 170 رنز بنائےتھے، ٹم ڈیوڈ نمایاں کھیل پیش کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 68 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے فیبئن ایلن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ وہاب ریاض، محمد عرفان، عمید آصف اور محمد عمران نے قلندرز کے ایک، ایک کھلاڑی کا شکار کیا۔