ابو ظہبی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)6 کے 19 ویں میچ میں پشاور زلمی کے ہاتھوں 61 رنز شکست کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پلے آف مرحلے کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے ۔ 198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز صائم ایوب اور عثمان خان نے اچھا آغاز فراہم کیا اور ابتدائی 6 اوور میں بغیر کسی نقصان کے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پہلی وکٹ 62 رنز پر عثمان خان کی صورت میں گری جب وہ 28 رنز بنا کر ایلن کا شکار ہوئے۔ صائم ایوب 35 رنز بنا کر محمد عرفان کی وکٹ بنے۔ جیک ویدرلڈ نے 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ،اعظم خان اور کیمرون ڈیلپورٹ صفر پر آؤٹ ہوئے، گلیڈی ایٹرز کا سکور جب 5 وکٹوں پر 85 رنز تھا تو عمید آصف نے محمد نواز کو بھی کھاتا کھولنے کی مہلت نہیں دی اور پویلین بھیج کر چھٹی وکٹ حاصل کرلی۔
ابوظہبی میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیتا اور وہاب ریاض کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پشاور زلمی کے لیے کھیل کا آغاز تباہ کن انداز میں ہوا جب نوجوان بلے باز حیدر علی پہلی ہی گیند پر محمد نواز کی وکٹ بن گئے۔ عثمان شنواری نے حیدر علی کا کیچ تھاما ۔ تجربہ کار بلے باز شعیب ملک بھی ایک مرتبہ پھر ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرکے تیسرے اوور کی دوسری گیند پر محمد نواز کا نشانہ بنے اور صرف 2 رنز ان کے حصے میں آئے۔
ڈیوڈ ملر نے کامران اکمل کے ساتھ مل کر ٹیم کو شدید مشکلات سے نکالا،ملر نے زاہد محمود سمیت دیگر بلے بازوں پر بلند و بالا چھکے لگائے۔ ڈیوڈ ملر نے چھکا لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی، کامران اکمل نے ملر کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں بلے بازوں نے شراکت داری میں ٹیم کی پہلی نصف سنچری اور بعد میں سنچری مکمل کی۔ دوسرے اینڈ سے کامران اکمل نے بھی جارحانہ بیٹنگ کی اور اپنی نصف سنچری بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرلی، پشاور زلمی کا سکور 135 رنز پر پہنچا تو کامران اکمل کو محمد حسنین نے ایل بی ڈبلیو کردیا ،ڈیوڈ ملر 73 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، پشاور زلمی کی جانب سے پانچویں اور آخری آؤٹ ہونے والے بلے بازشرفین رودر فورڈ تھے جو 10 رنز بنا سکے، پاوول اور فیبیان نے مقررہ 20 اوورز میں پشاور زلمی کا سکور 197 رنز تک پہنچایا، پشاور زلمی کے پاوول 43 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد نواز نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے گزشتہ روز شکست کھانے والی ٹیم میں ایک تبدیلی کی اور آندرے رسل کی جگہ ظاہر خان کو موقع دیا۔ پشاور زلمی کو آخری میچ میں لاہور قلندرز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔