رافیل نڈال ومبلڈن اوپن، ٹوکیو اولمپکس نہیں کھیلیں گے

میڈرڈ(سپورٹس لنک رپورٹ)سپین کے معروف ٹینس اسٹار اور عالمی نمبر 3 رافیل نڈال رواں سال ہونے والے ومبلڈن اور ٹوکیوالمپکس 2020 گیمز میں حصہ نہیں لیں گے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق 20 مرتبہ کے گرینڈ سلیم فاتح نے ایک بیان میں کہا ہےکہ وہ سمجھتے ہیں کہ انہیں سرخ مٹی(کلے کورٹ) پر کھیلے گئے طویل سیزن کے بعد آرام کی ضرورت ہے۔

2008 اور2010 میں ومبلڈن جیتنے والے رافیل نڈال کو گذشتہ ہفتے ہی فرنچ اوپن میں سربیا کے نوواک جوکووچ کے ہاتھوں سیمی فائنل میں شکست ہوئی تھی۔واضح رہے کہ فرنچ اوپن سرخ مٹی کے کورٹ میں کھیلا جاتا ہے جب کہ ومبلڈن میں گھاس کا کورٹ ہوتا ہے۔

35 سالہ رافیل نڈال کا کہنا تھا کہ یہ ایک سخت فیصلہ ہے تاہم اپنے جسم کی سننے اور ٹیم سے بات کرنے کے بعد وہ سمجھتے ہیں کہ یہی ٹھیک فیصلہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد میرے کیریئر کو بڑھانا ہے اور وہ جاری رکھنا ہے جس سے میں خوش رہ سکوں۔

واضح رہے کہ ومبلڈن رواں ماہ 28 جون سے شروع ہوکر11 جولائی تک جاری رہے گا جب کہ ٹوکیو اولمپکس بھی 23 جولائی سےشیڈول ہیں۔دنیائے ٹینس کا قدیم ترین ایونٹ ومبلڈن اور ٹوکیو اولمپکس گذشتہ سال کورونا وائرس کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا ۔

تعارف: newseditor