کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)عروج ممتاز کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی نے دورہ ویسٹ انڈیز میں شامل وائیٹ بال سیریز کےلیے قومی خواتین اور اے کرکٹ ٹیموں کے لیے26 کھلاڑیوں کا اعلان کردیا ہے۔
208 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی جویریہ خان کو دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے قومی خواتین اے کرکٹ ٹیم کی علیحدہ علیحدہ کپتان نامزد کی گئی ہیں۔ ون ڈے سیریز میں قومی خواتین اے کرکٹ ٹیم کی قیادت رامین شمیم کریں گی۔ وہ2 ون ڈے اور 4 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں ملک کی نمائندگی کرچکی ہیں۔ٹی ٹونٹی سیریز میں سدرہ امین قومی خواتین اے کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گی۔ وہ 98 انٹرنیشنل میچز کا تجربہ رکھتی ہیں۔
اسکواڈ:
جویریہ خان (کپتان ، قومی خواتین کرکٹ ٹیم) ، رامین شمیم (ون ڈے کپتان قومی خواتین اےکرکٹ ٹیم) ، سدرہ نواز (ٹی 20 کپتان قومی خواتین اےکرکٹ ٹیم) ، عالیہ ریاض ، ایمن انور ، انعم امین ، عائشہ نسیم ، عائشہ ظفر ، ڈیانا بیگ ، فاطمہ ثناء ، ارم جاوید ، جویریہ رؤف ، کائنات امتیاز ، کائنات حفیظ ، ماہم طارق ، منیبہ علی صدیقی (وکٹ کیپر) ، ناہیدہ خان ، نجیہ علوی (وکٹ کیپر) ، نشرہ سندھو ، نتالیہ پرویز ، ندا ڈار ، عمیمہ سہیل ، صباء نذیر ، سعدیہ اقبال ، سدرہ امین اور سیدہ عروب شاہ
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے دورہ کیریبئن میں3 ٹی ٹونٹی اور 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچزشامل ہیں۔ اس دوران دونوں ممالک کی خواتین اے کرکٹ ٹیموں کے مابین 3 ٹی ٹونٹی اور 3 ون ڈے میچزپر مشتمل کی سیریز کھیلی جائے گی۔یہ تمام 26 کرکٹرز ان تمام 14 میچز کے لیے دستیاب ہوں گی۔
عروج ممتاز، چیئرپرسن نیشنل ویمنز سلیکشن کمیٹی:
عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم اور قومی خواتین اے کرکٹ ٹیم کا اکٹھے کسی دورے پر روانہ ہونا پاکستان کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ دورہ ویسٹ انڈیز دراصل قومی خواتین کرکٹ کے پول میں شامل کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ہے جس کی بدولت وہ سیزن 21-2022 میں اپنی جگہ مزید بہتر کرسکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ 26 خواتین کرکٹرزبہترین کارکردگی کی بدولت گزشتہ 9 ماہ سے ہمارے ہائی پرفارمنس کیمپس کا حصہ ہیں، جہاں انہوں نے اپنی خامیوں پر قابو پانے کے لیے ہیڈ کوچ قومی خواتین کرکٹ ٹیم ڈیوڈ ہیمپ کی زیرنگرانی سخت محنت کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دورے میں شامل قومی خواتین اے کرکٹ ٹیم کے میچز نوجوان کھلاڑیوں کو عمدہ کارکردگی کی ترغیب دیں گے ان میچز میں بہتر پرفارمنس انہیں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا حصہ بناسکتی ہے۔
عروج ممتاز نے کہا کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری دوطرفہ سیریز میں مقابلہ جاتی کرکٹ کھیلی تھی، خصوصاََ ٹی ٹونٹی سیریز میں دونوں ٹیموں کے مابین سنسنی خیز مقابلہ ہوا تھا، اس سیریز کے بعد پاکستان نے ون ڈےسیریز میں ویسٹ انڈیز کو شکست بھی دی تھی۔
عروج ممتاز پرامید ہیں کہ پاکستان کا دورہ ویسٹ انڈیز میں شائقین کرکٹ کو زبردست مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
دورے میں شامل 26 کھلاڑیوں سمیت قومی خواتین اے کرکٹ ٹیم کی منیجمنٹ21 جون بروز پیر کی صبح لاہور پہنچ جائے گی۔ اسکواڈ میں شامل تمام ارکان 23 جون بروز بدھ کو لاہور سے انٹیگا روانہ ہوں گے۔
لاہور پہنچنے پر ان تمام افراد کی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کی جائے گی، اسکواڈ میں شامل جس رکن کا کوویڈ 19 ٹیسٹ منفی آئے گا صرف اسے ہی اسکواڈ کے ہمراہ ویسٹ انڈیز روانگی کی اجازت ہوگی۔
ویسٹ انڈیز پہنچنے پر تمام اسکواڈ ارکان کی پانچ روز میں 2 مرتبہ کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کی جائے گی۔اس دوران یہ تمام ارکان روم آئسولیشن میں رہیں گے۔
ٹیم منیجمنٹ:
عائشہ جلیل اور فزاء عابد (منیجرز) ، ڈیوڈ ہیمپ (ہیڈ کوچ) ، ارشد خان (بولنگ کوچ) ، کامران حسین اور وقار اورکزئی (اسسٹنٹ کوچز) ، ڈریکس سائمن (اسٹرینتھ اور کنڈیشنگ کوچ) ، زبیر احمد (ویڈو اینالسٹ) ، رابعہ صدیق اور صائمہ نسیم (فزیوتھیراپسٹس) اور احسن افتخار ناگی (میڈیا منیجر)