قومی خواتین اسکواڈز ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گا

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم اور قومی خواتین اے کرکٹ ٹیم آئندہ ہفتے ویسٹ انڈیز کا دورہ کریں گی۔ یہ دونوں ٹیمیں وہاں محدود طرز کی کرکٹ پر مشتمل سیریز کھیلیں گی۔

دونوں ٹیمیں 23 جون کو لاہور سے انٹیگا روانہ ہوں گی۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے دورہ کیریبئن میں3 ٹی ٹونٹی اور 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچزشامل ہیں۔ اس دوران دونوں ممالک کی خواتین اے کرکٹ ٹیموں کے مابین 3 ٹی ٹونٹی اور 3 ون ڈے میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔یہ تمام میچز بھی انٹیگا میں ہی کھیلے جائیں گے۔

اس دورے کی منفرد بات یہ ہے کہ قومی مینز کرکٹ ٹیم بھی میزبان ٹیم کے خلاف 5 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اور 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کی غرض سے 21 جولائی کو ویسٹ انڈیز پہنچے گی۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا گزشتہ 4 ماہ کے دوران یہ تیسرا بین الاقوامی دورہ ہے۔ اس سے قبل قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا، جس کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم زمبابوے روانہ ہوگئی تھی مگر فلائیٹ آپریشن معطل ہونے کے سبب یہ دورہ مختصر کردیا گیا تھا۔

کورونا وائرس کی عالمی وباء کے باعث دنیا بھر میں رائج سفری پابندیوں کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ کا قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے ان بین الاقوامی دوروں کو حتمی شکل دینے کا مقصد قومی کھلاڑیوں کو رواں سال شیڈول آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر کی ہر ممکن تیاری کروانا ہے۔ یہ دورے آئندہ سال شیڈول آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ اور برمنگھم میں شیڈول کامن ویلتھ گیمز کی تیاریوں میں بھی معاونت کریں گے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیمیں آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ رینکنگ میں بالترتیب ساتویں اورچھٹی پوزیشن پر موجود ہیں۔

اس سے قبل قومی خواتین کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز میں 3 ون ڈے اور 2 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز کھیلنے کے ساتھ ساتھ وہاں کھیلے گئے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2010 اور 2018میں بھی شرکت کرچکی ہے۔

دونوں ٹیموں کے مابین آخری دوطرفہ سیریز 2019 میں کھیلی گئی تھی، جہاں ون ڈے انٹرنیشنل سیریز پاکستان نے جبکہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز ویسٹ انڈیز نے جیتی تھی۔

ان دونوں ٹیموں کے مابین آخری بین الاقوامی کرکٹ میچ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ2020 میں کھیلا گیا، جو پاکستان نے جیتا تھا۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیموں، خصوصاََ قومی خواتین اے کرکٹ ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز سے ملک میں خواتین کرکٹ کو فروغ ملے گا، ان ٹیموں میں اُنہی کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جو گزشتہ چند ماہ سے قومی خواتین کرکٹ کے پول کا حصہ ہیں۔

کوویڈ 19 کی عالمی وباء کے دوران قومی خواتین اے کرکٹ ٹیم کایہ کسی بھی ملک کا پہلا دورہ ہے۔

وسیم خان، چیف ایگزیکٹو پاکستان کرکٹ بورڈ:

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ انہیں قومی خواتین اور قومی خواتین اے کرکٹ ٹیموں کے دورہ ویسٹ انڈیز کے اعلان کی بہت خوشی ہے۔

وسیم خان نے کہا کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو رواں سال آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر میں شرکت کرنی ہے، لہٰذا یہ دورہ ہماری خواتین کھلاڑیوں کو نہ صرف صلاحیتیں نکھارنے کا موقع فراہم کررہا ہے بلکہ اس سے انہیں میچ پریکٹس بھی ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کرکٹرز کے کھیل میں بہتری لانے کے لیے ہر ممکن سہولیات اور مواقع فراہم کرنا ہی پی سی بی کی حکمت عملی ہے اور اسے عملی جامہ پہنانے کے لیے تیزی سے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی خواتین کرکٹرز نے ملتان اور کراچی میں جاری ہائی پرفارمنس کیمپ میں بہت محنت کی ہے، پرامید ہیں کہ یہ تمام کھلاڑی ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ کی زیر نگرانی بہتری نتائج دیں گی۔

تعارف: newseditor