ابوظہبی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کے کامیاب انعقاد پر تمام فرنچائزز، منتظمین، کمرشل پارٹنرز خصوصاََ ایچ بی ایل کو مبارکباد پیش کی ہے تاہم انہوں نے تماشائیوں کے بغیر اس ایونٹ کو نامکمل قرار دیا ہے۔
ایونٹ کے ابتدائی 14 میچز مارچ /اپریل میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے تھے۔ان میچز میں تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت تھی تاہم لیگ کے بقیہ 20 میچز جون میں ابوظہبی میں کھیلے گئے ۔ متحدہ عرب امارات کی حکومت کے مقررہ پروٹوکولز کے مطابق تماشائیوں کوان میچز کو دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں تھی۔
چیئر مین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ کسی بھی کھیل کی حقیقی پہچان اور جان اس کے تماشائی ہی ہوتے ہیں، ان کے بغیر کوئی بھی ایونٹ مکمل نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی، کھلاڑیوں اور تمام کمرشل پارٹنرز نے لیگ کے بقیہ 20 میچز میں تماشائیوں کی کمی کو شدت سے محسوس کیا ۔
احسان مانی نے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ کے پرجوش شائقین کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ 2022 میں شیڈول ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا ساتواں ایڈیشن پاکستان میں کھیلا جائے گا اور اس ایونٹ میں تماشائیوں کواسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ لیگ کے آئندہ ایڈیشن کے انعقاد کے لیے پی سی بی اپنی منصوبہ بندی کا باقاعدہ آغاز جولائی سے کردے گا جبکہ رواں سال کی آخری سہ ماہی میں اسے حتمی شکل دے دی جائے گی تاکہ کرکٹ فینز کو ایونٹ کی تمام تر تفصیلات سے بروقت آگاہ کیا جاسکے۔
احسان مانی کا کہنا ہے کہ یہ شائقین کرکٹ ہی تھے کہ جنہوں نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2019 کے بقیہ آٹھ میچز میں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کرکے دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور سری لنکا اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کو ایک دہائی کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے پر راضی کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا انہیں خوشی ہے کہ شائقین کرکٹ نے ابوظہبی مرحلے میں عدم شرکت کے باوجود ڈیجٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے لیگ، کھلاڑیوں اور ایونٹ میں اپنی پسندیدہ ٹیموں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی کھیل کے فروغ میں اپنے فینز اور اسپورٹرز کے تعاون اور حوصلہ افزائی کی ہمیشہ قدرکرتا ہے۔ وہ پرامید ہیں کہ جس طرح ہم نے بحیثیت قوم کورونا وائرس کی وباء سے چھٹکارا حاصل کیا ہے ویسے ہی اب سیزن 22-2021 میں ہماری ساری کرکٹ پاکستان میں ہی کھیلی جائے گی۔ اس دوران پاکستان کو نیوزی لینڈ ، انگلینڈ ، ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی میزبانی کرنی ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ان میچز سے نہ صرف ملک میں کھیل کو فروغ ملے گا بلکہ قومی نوجوانوں کی کرکٹ کے کھیل سے وابستگی کو بھی تقویت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ وہ پی سی بی کے عملے ، ابوظہبی اسپورٹس کونسل ، امارات کرکٹ بورڈ اور ابوظہبی حکومت کے مشکور ہیں ، جنہوں نے اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے ایک ٹیم کی طرح متحد ہوکر ہرغیرمتوقع چیلنج پر قابو پایا۔
احسان مانی نے کہا کہ وہ ایونٹ میں شریک تمام کھلاڑیوں کے مشکور ہیں جنہوں نے ایک مرتبہ پھر ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے کوویڈ 19 کے پروٹوکولز پر مکمل عمل کیا، جس کی وجہ سے لیگ کے ابوظہبی مرحلے کے دوران کوئی بھی خلاف ورزی رپورٹ نہیں ہوئی۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ وہ تمام فرنچائز مالکان کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے ہر فیصلے میں پی سی بی کی مکمل حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے ایک بار پھر اپنے فیصلہ کن اقدامات سے ثابت کیا ہےکہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ پی سی بی کا اہم ایونٹ ہے اور ہم اس لیگ کی سالمیت کا ہر حال میں تحفظ کریں گے۔