انعم امین دورہ ویسٹ انڈیز کے چیلنج پر قابو پانے کے لیے تیار

سینٹ جونز(سپورٹس لنک رپورٹ)2014 میں پاکستان کی جانب سے ٹی ٹونٹی ڈیبیو کرنے والی انعم امین اپنی متاثرکن باؤلنگ پرفارمنس کے باعث کیرئیر کے آغاز سے ہی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا مستقل رکن رہی ہیں۔

انعم امین کی خاصیت نئی گیند سے نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے حریف بیٹرز کو مشکلات کا شکار کرنا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز میں انعم امین کپتان جویریہ خان کا ایک مؤثر ہتھیار ثابت ہوسکتی ہیں۔

انعم امین اب تک ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی سب سے کامیاب باؤلر ہیں۔ویسٹ انڈیز کے خلاف 13 وکٹیں حاصل کرنے والی انعم امین حریف ٹیم کے خلاف ہر 10.53 رنز کے بعد ایک وکٹ حاصل کرتی ہیں۔اس دوران ان کا اسٹرائیک ریٹ 12.4 رہتا ہے۔

ٹی ٹونٹی میں ان کا بہترین باؤلنگ اسپیل بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف ہے۔ انہوں نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2016 کےدوران چنئی میں کھیلے گئے ایک میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 16 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔گوکہ اس میچ میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا مگر عمدہ کارکردگی کی بدولت انعم امین کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔

دلچسپ طور پر انعم امین کے اعداد و شمار کے مطابق وہ پہلے باؤلنگ کی نسبت ہدف کے دفاع میں زیادہ مؤثر ہتھیار رہتی ہیں۔ پاکستان نے ہدف کے دفاع میں جتنے میچز میں کامیابی حاصل کی ہے ان میچز میں انعم امین کی مجموعی وکٹوں کی تعداد 19 ہے۔

جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں عمدہ باؤلنگ کی بدولت انعم امین ایک بار پھر آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی پلیئرز رینکنگ کی 10 بہترین باؤلرز کی فہرست میں شامل ہوگئیں۔ اس سیریز میں انہوں نے 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

انعم امین کا ماننا ہے کہ باؤلنگ اسپیل کے آغاز میں ہی ڈاٹ باؤلنگ کرنا ان کی طاقت ہے۔ آئی سی سی ٹی ٹونٹی پلیئرز رینکنگ میں نویں نمبر پر موجود انعم امین کا کہنا ہے کہ نپی تلی باؤلنگ کی کنجی درست جگہ پر گیندیں پھینکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی گیند پچ پر لگ کر پھسلتی بھی ہے اور ہوا میں بھی سوئنگ ہوتی ہے، لہٰذا جو باؤلر اسے اچھی جگہ پر پھینکتا ہے اسے کامیابی ملتی ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ وہ باؤلنگ سے قبل ہی پچ پر اپنے مخصوص مقامات کی نشاندہی کرلیتی ہیں اور پھرباؤلنگ کرتے ہوئے صرف انہیں مقام کا نشانہ لیتی رہتی ہیں ۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین آخری میچ آئی سی سی ویمنز ٹْی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ2020 میں کھیلا گیا تھا۔ اس میچ میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی۔اس میچ میں پاکستان کی جانب سے آخری اوور انعم امین نے کروایا تھا، جس میں انہوں نے حریف ٹیم کی وکٹ کیپر بیٹر کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا تھا۔

انعم امین ا ب دورہ ویسٹ انڈیز کے چیلنج پر قابو پانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ویسٹ انڈیز ایک معیاری ٹیم ہے اور ان کے خلاف کھیلنا ہمیشہ ایک چیلنج رہتا ہے، وہ ہمیشہ اس چیلنج کا لطف اٹھاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ انٹیگا میں کھیلے گی تاہم وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف زورآور ہونے کی منتظر ہیں۔

انعم امین کامزید کہنا ہے کہ دورہ ویسٹ انڈیز دراصل پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کے لیے بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس ٹور پر ارشد خان کی زیرنگرانی اپنی صلاحیتیں نکھارنے کی ہرممکن کوشش کریں گی۔

اسکواڈ:
جویریہ خان (کپتان ، قومی خواتین کرکٹ ٹیم) ، رامین شمیم (ون ڈے کپتان قومی خواتین اےکرکٹ ٹیم) ، سدرہ نواز (ٹی 20 کپتان قومی خواتین اےکرکٹ ٹیم) ، عالیہ ریاض ، ایمن انور ، انعم امین ، عائشہ نسیم ، عائشہ ظفر ، ڈیانا بیگ ، فاطمہ ثناء ، ارم جاوید ، جویریہ رؤف ، کائنات امتیاز ، کائنات حفیظ ، ماہم طارق ، منیبہ علی صدیقی (وکٹ کیپر) ، ناہیدہ خان ، نجیہ علوی (وکٹ کیپر) ، نشرہ سندھو ، نتالیہ پرویز ، ندا ڈار ، عمیمہ سہیل ، صباء نذیر ، سعدیہ اقبال ، سدرہ امین اور سیدہ عروب شاہ

error: Content is protected !!