انٹرا اکیڈمی ہاکی لیگ میں مزید تین میچوں کا فیصلہ ہو گیا

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)الصغیر ہاکی کلب کے زیر اہتمام منعقدہ مظہر جبلپوری انٹرا اکیڈمی ہاکی لیگ میں مزید تین میچوں کا فیصلہ ہوگیا، تبسم پینتھرز اور شعیب لائنز نے اپنے میچز جیت لئے صابر ٹائیگرز کا امتیاز ڈولفنز سے مقابلہ برابر ہوگیا، ضلع وسطیٰ کراچی کے اسسٹنٹ کمشنر ریاض احمد شیخ مہمان خصوصی تھے جبکہ شبیر اسماعیل سینئر نائب صدر نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز بھی انکے ہمراہ موجود تھے.. نارتھ کراچی سیکٹر الیون اے ہاکی اسٹیڈیم میں جاری مظہر جبلپوری انٹرا اکیڈمی سیون اے سائیڈ ہاکی لیگ میں گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے میچ میں تبسم پینتھرز نے علی ایگلز کو بآسانی 3-1 سے شکست دیدی

فاتح ٹیم کی جانب سے محمد امسل نے دو گول اسکور کئے جبکہ ہر عباس نے ایک گول اسکور کیا، شکست خوردہ ٹیم کا واحد گول شہریار نے بنایا. دوسرے میچ میں شعیب لائنز نے عظیم فالکنز کو 1-0 سے مات دیدی فاتح ٹیم کا واحد گول فرذاق نے اسکور کیا جبکہ تیسرا میچ جوکہ صابر ٹائیگرز اور امتیاز ڈولفینز کے مابین کھیلا گیا تھا بغیر کسی گول کے برابر ہوگیا.

الصغیر ہاکی کلب کے صدر سید صغیر حسین اور سیکریٹری عظمت پاشا نے مہمانوں کو پھولوں کا گلدستہ اور یاد گاری شیلڈ پیش کیں. اس موقع پر مہمان خصوصی ریاض احمد شیخ نے کہا کہ قومی کھیل کا فروغ ہر پاکستانی کی اولین ترجیح ہونا چاہیے کیونکہ اس کھیل میں پاکستان کا ماضی درخشاں رہا ہمارے قومی ہیروز نے دنیا کا ہر ٹائٹل حاصل کیا اور پاکستان کو ہاکی کے ذریعہ روشناس کرایا لیکن اب یہ کھیل اپنے ملک میں بھی مشکلات کا شکار ہے ماضی میں بے تحاشہ گرائونڈز ہوتے تھے جو اب کہیں نظر نہیں آتے اور جو ہیں وہاں کھلاڑی نظر نہیں آتے

نارتھ کراچی میں الصغیر ہاکی کلب کی کوششیں قابل ستائش ہیں پہلے الصغیر کلب نے سنئیر، اور ویٹرنز کھلاڑیوں پر مشتمل سپر لیگ کا کامیاب انعقاد کیا اب انڈر 14 کھلاڑیوں کی لیگ کا انعقاد کیا، انہوں نے کہا کہ الصغیر کلب اپنے محدود وسائل میں رہ کر قومی کھیل کی ترقی و کامیابی کیلئے فرنٹ لائن پر کام کررہا ہمارا تعاون انکے ساتھ رہے گا ہم اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے.. اس موقع پر کلب کے چیئرمین امتیاز احمد شیخ، یوسی سیکریٹری فواد احمد، نعیم حیدر، مسرور جاوید ، عابد نعیم ، شکیل یامین کانگا، ڈاکٹر عارف حفیظ، عارف وحید، شیروز علوی، اور دیگر بھی موجود تھے..

error: Content is protected !!