قومی بلائنڈ کرکٹرز پی سی بی کیخلاف سراپا احتجاج

قومی بلائنڈ کرکٹرز اپنی کونسل کے بجٹ میں اضافہ نہ کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ لاہور میں پی سی بی ہیڈ کوارٹرز کے باہر قومی بلائنڈ کرکٹرز نے احتجاج کیا ، انہوں نے ہاتھوں میں پوسٹرز اٹھا رکھے تھے جن پر پی سی بی کی غنڈہ گردی نہیں چلے گی، ہم بھی اس ملک کے شہری ہیں ہمیں ہمارا حق دو اور پی سی بی کی نا انصافی نا منظور، نا منظور کے نعرے درج تھے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ بلائنڈ کرکٹ کونسل کو ملنے والے بجٹ میں گزشتہ 2 سال سے کوئی اضافہ نہیں ہوا، جو بجٹ ملتا ہے اس کے تحت کلاس اے کو 15 ہزار روپے ملتے ہیں جبکہ کلاس بی کو 12000 روپے ملتے ہیں

سی کلاس میں موجود بلائنڈ کرکٹرز کو ماہانہ 10 ہزار روپے ملتے ہیں جب کہ میچ فیس صرف 500 روپے ہے جو بہت کم ہے ، سینٹرل کنٹریکٹ میں ملنے والے 10 ہزار کرکٹرز کے لیے ناکافی ہیں ، پاکستان کرکٹ بورڈ ہمارے بجٹ میں اضافہ کرے ۔انہوں نے کہا کہ 20 ہزار روپے تو ایک عام مزدور کی اجرت ہے ۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کو سالانہ ایک کروڑ ستر لاکھ روپے کی گرانٹ دیتا ہے۔

بلائند کونسل نے اس میں اضافے کا مطالبہ کیا تھا جو مسترد کردیا جاتا رہا۔ یاد رہے کہ پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے 16 میں سے 14 ون ڈے سیریز جیتی ہیں جبکہ انہوں نے 11 میں سے 10 ٹی 20 سیریز جیتی ہیں۔ انہوں نے 2002 اور 2006 میں ورلڈ کپ میں بھی کامیابی حاصل کررکھی ہے۔

error: Content is protected !!