ماڑی پیٹرولیم آزادی ہاکی کپ کےچیمپین کا اعزاز نیشنل بینک کے نام

راولپنڈی (سپورٹس لنک رپورٹ)ماڑی پیٹرولیم آزادی ہاکی کپ کےچیمپین کا اعزاز نیشنل بینک کے نام،واپڈاکو پینلٹی شوٹ آؤٹس پرشکست،وفاقی وزیرکھیل برائے بین الصوبائی رابطہ محترمہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا تقریب کی مہان خصوصی تھیں جبکہ صدر پی ایچ ایف برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر، سی ای او ماڑی پیٹرولیم فہیم حیدر،لیفٹینٹ جنرل ر اشفاق ندیم، میجر جنرل ر اصغر نواز،سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف آصف باجوہ، ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ کرنل ر محمد آصف زمان تقریب میں مہمان خاص کے طور پر شریک تھے


تفصیلات کے مطابق نےماڑی پیٹرولیم سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام،پاکستان ہاکی فیڈریشن کی زیرنگرانی پہلے ماڑی پیٹرولیم آزادی ہاکی کپ کے چیمپین کا سہرہ نیشنل بینک نے پاکستان واپڈا کو پینلٹی شوٹ آؤٹس کی بنیاد شکست دیکر اپنے سر پر سجا لیا۔ میچ کا آغاز تیز کھیل سے ہوا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی صف اول کی دونوں ٹیموں نے ایکدوسرے پر سبقت لے جانے کے لئے بھرپور حملے کئے۔ پاکستان کی سینئر و جونیئرہاکی ٹیموں کے بیشترکھلاڑیوں پر مشتمل فائینل کھیلنے والی ٹیموں نے بہترین کھیل سے تماشائیوں کو خوب محظوظ کیا۔پاکستان واپڈا کی جانب سے کھیل کے 9ویں منٹ میں رانا وحید نے فیلڈ گول کرکے واپڈا کو ایک گول کی برتری دلا دی۔کھیل کے 15ویں منٹ میں نیشنل بینک ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے پینلٹی کارنر پر کپتان ابوبکر طارق نےگول کرکے واپڈاکی پرتری کا خاتمہ کردیا۔کھیل کے 36ویں منٹ میں جنید منظور نے فیلڈ گول سکور کرکے نیشنل بینک کی برتری کو مستحکم بنا دیا۔پاکستان واپڈا کی جانب سے کھیل کے 44 ویں منٹ میں اعجاز احمد نے گول کرکے نیشنل بینک کی برتی کا خاتمہ کردیا اور میچ مقررہ وقت تک 2-2 گول سے ڈراء رہا۔ پینلٹی شوٹ آؤٹس کے مرحلہ میں واپڈا ٹیم کے علیم عثمان اور سلمان رزاق گول سکور کرنے میں کامیاب رہے جبکہ توثیق ارشد،اعجاز احمد اور رانا وحید سکور کرنے میں ناکام رہے اور ٹیم کی شکست کا باعث بنے۔نیشنل بینک کی جانب سے شان ارشاد، محمد دلبر اور احمد ندیم نے کامیاب پینلٹی شوٹ آؤٹس لگائیں جبکہ ارسلان قادر اور عامر علی گول سکور نہ کرسکے۔ نیشنل بینک کا پینلٹی شوٹ آؤٹس سکور 2-3 رہا اور مجموعی سکور 4-5 گول رہا اور نیشنل بینک ہاکی ٹیم پہلے ماڑی پیٹرولیم آزادی ہاکی کپ 2021 کی فاتح قرار پائی۔ اس میچ کو ایمپائر سہیل اکرم جنجوعہ اور ہارون رشید نے سپروائز کیا جبکہ اسد عباس ریزرو ایمپائر تھے۔ اس میچ میں ججز کے فرائض مرتضی بھٹی، ڈاکٹر ایس اے ماجد، رفیق خان، شاہد گل، اکرام احق، اسلم شاہ،اور جاوید صادق نے سرانجام د دیئے جبکہ حمزہ طفیل نے بطور ٹینکنیکل آفیسر اپنے فرائض نبھائے۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر لیجنڈ اولمپین حنیف خان ، اسسٹنٹ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کے فرائض محمد شفیق بھٹی اور محمد یسٰین ، ایمپائرز مینجرراشد محمود بٹ اور اسسٹنٹ ایمپائرز مینجر دلاور بھٹی نے اپنے فرائض منصبی سرانجام دیئے۔

ماڑی پیٹرولیم کی جانب سے پاکستان ہاکی کے ڈومیسٹک ایونٹس کی تاریخ کے سب سے بڑے انعامات دیئے گئے فائینل جیتنے والی ٹیم نیشنل بینک کے ہر کھلاڑی کو 100 سی سی موٹرسائیل اور رنر اپ ٹیم واپڈا کے ہر کھلاڑی کے لئے 70 سی سی موٹرسائیکلیں دی گئی۔ ایونٹ کے بہترین سکورر پول میچز رضوان علی قرار پائے۔بہترین گول کیپر محمد اقبال، بہترین ایمپائر سہیل جنجوعہ، اور بہترین ٹیکنیکل آفیشل کا اعزاز حمزہ طفیل کو دیا گیا۔

فائینل کے میچ آف دی میچ نیشنل بینک کے کپتان ابوبکر طارق محمود قرار پائے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر کی جانب سے ایونٹ کے ہر میچ کے مین آف دی میچ کھلاڑی کے لئے 10،000 روہے (دس ہزار روپے) کیش ایوارڈ جبکہ فائینل کے مین آف دی میچ کے لئے20،000 روپے(بیس ہزار روپے) کیش ایوارڈ دیئےگئے۔

ایونٹ میں ٹوٹل 16 مین آف دی میچ ایوارڈ دیئے گئے۔
فائینل تقریب کی مہمان خصوصی وفاقی وزیر کھیل برائے بین الصوبائی رابطہ محترمہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا تھیں جبکہ مہمان خاص کے طور پر صدر پی ایچ ایف برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر، سی ای او ماڑی پیٹرولیم فہیم حیدر،لیفٹینٹ جنرل ر اشفاق ندیم، میجر جنرل ر اصغر نواز،سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف آصف باجوہ، ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ کرنل ر محمد آصف زمان، چیئرمین قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی اولمپین منظور جونیئر، ممبر قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی اولمپین خالد حمید، ہیڈ کوچ قومی ہاکی ٹیم اولمپین خواجہ جنید تقریب میں شریک تھے۔


معزز مہمانان گرامی نے کھلاڑیوں میں بیش قیمتی انعامات تقسیم کئے اور صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر کی جانب سے وفاقی وزیر کھیل برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، سی ای او ماڑی پیٹرولیم فہیم حیدر،لیفٹینٹ جنرل ر اشفاق ندیم اور ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ کرنل ر محمد آصف زمان کو خصوصی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

error: Content is protected !!