وہاڑی نے سدرن پنجاب لیگ ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت لیا

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)وہاڑی نے دو روزہ سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن ٹورنامنٹ 22-2021 کا ٹائٹل پہلی اننگز میں برتری کی بنیاد پر جیت لیا۔ وہاڑی اور مظفر گڑ ھ کے درمیان کھیلا جانے والا فائنل میچ گذشتہ روز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ڈرا ہو گیا تھا۔

وہاڑی نے اپنی پہلی اننگز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 353 رنز بنائے تھے جبکہ مظفر گڑ ھ کی ٹیم پہلی اننگز میں 243 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ میچ کے آخری روزوہاڑی نے اپنی دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصا ن 175 رنز بنائے تھے۔

وہاڑی کی کامیابی میں نوید احمد اور فرحان سرفراز نے اہم کردار ادا کیا۔ نوید نے پہلی اننگز میں 138 رنز بنائے اور فرحان نے دونوں اننگز میں ہاف سنچریاں اسکور کیں۔

ٹورنامنٹ کے کامیاب باؤلر کا اعزاز مظفر گڑھ کے محمد جنید کے حصے میں آیا انہوں نے فائنل میچ میں چھ وکٹیں حاصل کیں اور سات میچوں میں 39 وکٹیں اپنے نام کیں۔

سدرن پنجاب کی 14 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا ، پول اے میں وہاڑی کی ٹیم ٹاپ پر موجود تھی جبکہ مظفر گڑھ پول بی میں ٹاپ پر رہا۔

ساہیوال کے شیرون سراج 74.33 کی اوسط سے چھ میچوں میں 669 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے۔ ان کا ٹورنامنٹ میں بہترین اسکور 185 رنزناٹ آؤٹ رہا انہوں نے ٹورنامنٹ میں تین سنچریاں اور ایک نصف سنچری بنائی۔

ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے عمار علی نے چھ میچوں میں 69.88 کی اوسط سے 559 رنز بنائےاس میں 152 کی ناقابل شکست اننگز بھی شامل تھی۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز نے تین سنچریاں اور ایک نصف سنچری اسکور کی تھی۔

راجن پور کے جواد حسین نے چھ میچوں میں 72.29 کی اوسط سے 506 رنز بنائے اور 102 ناٹ آؤٹ ان کا بہترین اسکور تھا۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز نے ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں بنائی تھیں۔

سدرن پنجاب لیگ ٹورنامنٹ میں واحد ڈبل سنچری اوکاڑہ کے وقار حسین نے بنائی، دائیں ہاتھ کے بلے باز نے خانیوال کے خلاف ناقابل شکست 202 رنز بنائے تھے جس میں 228 گیندوں پر 15 چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ ٹورنامنٹ کے پانچ میچوں میں انہوں نے 75.67 کی اوسط سے 454 رنز بنائے۔

بولنگ چارٹ میں دوسرے نمبر پر خانیوال سے تعلق رکھنے والے زین العابدین تھے جنہوں نے ٹورنامنٹ میں چھ میچوں میں 28 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نےٹورنامنٹ میں تین مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

ساہیوال کے محمد رمیز اور ڈیر ہ غازی خان کے محمد جہانگیر نے بلترتیب 25،25 وکٹیں حاصل کیں۔ رمیز نے تین مرتبہ پانچ اور ایک دفعہ دس وکٹیں حاصل کیں جبکہ جہانگیر نے ایک اننگز میں 20 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

13 ٹیموں پر مشتمل بلوچستان کرکٹ ایسوسی ایشن کا فائنل لورالائی اور لسبیلہ کے مابین 21 اگست سے کھیلا جائے گا۔

error: Content is protected !!