ٹرانس گروپ انٹرنیشنل نے سیزن 22-2021 میں شامل پاکستان کی پانچ ہوم انٹرنیشنل سیریز کے حقوق حاصل کرلیے ہیں.
نیوزی لینڈ کی میزبانی سے شروع ہونے والے اس سیزن میں پاکستان کو انگلینڈ کی مینز اور ویمنز ٹیموں کے علاوہ ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی میزبانی بھی کرنی ہے.
ٹرانس گروپ انٹرنیشنل نے پورے سیزن کے لیے گراؤنڈ اور اسپانسرشپ کے حقوق حاصل کیے ہیں. سیزن کا آغاز 17 ستمبر سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ سے ہوگا.
ٹرانس گروپ کے علاوہ، سرف ایکسل، لائف بوائے اور ٹپال چائے بھی ہوم انٹرنیشنل سیزن میں پی سی بی کے شراکت دار ہیں.
وسیم خان ، چیف ایگزیکٹیو پی سی بی:
وسیم خان کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ سیریز سے شروع ہونے والے پاکستان کے انٹرنیشنل ہوم سیزن میں شائقینِ کرکٹ کو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے. اس سیزن میں پاکستان کو نیوزی لینڈ سمیت، انگلینڈ کی مینز اور ویمنز ، ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی ٹیموں کی میزبان کرنی ہے.
انہوں نے کہا کہ پی سی بی اور ٹرانس گروپ انٹرنیشنل کی شراکت داری بہت پرانی اور دونوں فریقین کے لیے فائدہ مند رہی ہے.
وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہم تمام اسٹیک ہولڈرز کی مدد سے اپنے پرجوش فینز کو بہترین معیار کے ایونٹس کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے.
راؤ عمر ہاشم، گروپ ڈائریکٹر ٹرانس گروپ:
گروپ ڈائریکٹر ٹرانس گروپ راؤ عمر ہاشم کا کہنا ہے کہ ٹرانس گروپ گزشتہ تین دہائیوں سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ اپنی شراکت داری کو قائم کیے ہوئے ہے اور اس شراکت کو مزید بڑھتے ہوئے دیکھ کر مجھے بے حد خوشی ہو رہی ہے.
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پی سی بی کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے جو نیوزی لینڈ ، انگلینڈ ، ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں اور ہم ان سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ کو ہر طرح کا تعاون فراہم کریں گے۔