ٹام بلینڈل، ڈگ بریسویل اور بلیئر ٹکنر پہلی مرتبہ دورہ پاکستان کے لیے پرجوش

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا اٹھارہ سال بعد دورہ پاکستان جہاں شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے تو وہیں مہمان اسکواڈ میں شامل کھلاڑی بھی پہلی مرتبہ پاکستانی سرزمین پر کرکٹ کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ 2003 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں پاکستان نے پانچ میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز میں کلین سوئیپ کیا تھا۔اس سیریز میں سب سے زیادہ رنز یاسر حمید نے (356 رنز) بنائے تھے جبکہ محمد سمیع نے 8 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے تین مرتبہ نیوزی لینڈ کی میزبانی کی تاہم یہ تینوں سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئیں۔ یہ وہ وقت تھا جب پاکستان کرکٹ ٹیم اپنی ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلا کرتی تھی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم اب تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچزپر مشتمل سیریز کھیلنے 11 ستمبر کو پاکستان پہنچےگی۔ دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے تین میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز 25 ستمبر سےقذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوں گے۔

مہمان اسکواڈ میں شامل کھلاڑی پاکستان آمد سے قبل ہی پاکستان اور پاکستانی فینز کے دلدادہ ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی تماشائیوں کے سامنے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

ٹام بلینڈل:

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین ٹام بلینڈل کا کہنا ہے کہ ہمارے اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔ سنا ہے کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے، جہاں کرکٹ کھیلنے کے منتظر ہیں۔

ٹام بلینڈل نے کہا کہ پاکستان محدود طرز کی کرکٹ کی ایک بہت اچھی ٹیم ہے۔ ہوم ٹیم آسان حریف نہیں ہوگی۔ یہ سیریز ہمارے لیے ایک اچھا تجربہ ثابت ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ایک طویل عرصہ اپنی ہوم کرکٹ بیرون ملک کھیلی جو بہت افسوسناک تھا تاہم اب انہیں ایک مرتبہ پھر اپنے ہوم گراؤنڈ میں کرکٹ کھیلنے کا موقع مل رہا ہے جو بہت خوش آئندہے۔

ٹام بلینڈل کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم فی الحال خالی اسٹیڈیمز میں میچز کھیل رہی ہے تاہم انہیں خوشی ہے کہ پاکستان میں وہ فینز کی موجودگی میں کرکٹ کھیلیں گے۔

بلیئر ٹکنر:

بلیئر ٹکنر کاکہنا ہے کہ تمام کھلاڑی دورہ پاکستان کے لیے پرجوش ہیں۔کوشش کریں گے کہ بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ سیریز میں جیت کا تسلسل پاکستان کے خلاف سیریز میں بھی برقرار رکھیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ پاکستان دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں مگر فی الحال انہیں بائیو سیکیور ببل میں رہنا پڑے گا جو کہ مایوس کن ہے۔ اگر اس سے نکلنے کا موقع ملا تو بہت خوشی ہوگی۔

ڈگ بریسویل:

ڈگ بریسویل کاکہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے بہت پرجوش ہے۔ تمام لڑکے پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کا دورہ بنگلہ دیش زیادہ اچھا نہیں رہا مگر وہ پاکستان میں بہتر کارکردگی کے لیے پرامید ہیں۔

error: Content is protected !!