یوم دفاع پاکستان کے موقع پر پاکستانی شاہینوں کو خراج تحسین اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے الصغیر نارتھ کراچی ہاکی اسٹیڈیم میں دو نمائشی ہاکی میچز کھیلے گئے، پہلے میچ راشد منہاس الیون نے ایم ایم عالم الیون کو دو گول سے شکست دی، فاتح ٹیم کے دونوں گول محمد امسل نے اسکور کئے.
دوسرے میچ میں حسان صدیقی الیون نے نعمان علی خان الیون کو ایک گول سے زیر کیا، میچ کا واحد گول بلال بن راشد نے بنایا. ان میچوں کے مہمان خصوصی ایڈمنسٹریٹر ضلع وسطیٰ ڈاکٹر علی زیدی تھے، مہمان خصوصی کا تعارف کھلاڑی سے کروایا گیا اس موقع پر ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن، ڈپٹی کمشنر ضلع وسطیٰ طحہ سلیم، میونسپل کمشنر ضلع وسطیٰ خالد ریاض صدیقی، اسسٹنٹ کمشنر ضلع وسطیٰ ریاض شیخ، ڈائریکٹر اسپورٹس ضلع وسطیٰ اکبر حسین، الصغیر ہاکی کلب کے پیٹرن فرخ الرحمن ، ناکاٹی کے نائب صدر نعیم حیدر راجپوت، انٹرنیشنل مببشر مختار ، عامر صدیقی، نصرت حسین ، کامران نسیم اور الصغیر نارتھ کراچی ہاکی اکیڈمی اور کلب کے سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی.
اس موقع کلب کے سیکرٹری عظمت پاشا نے اڈمینسٹرٹر ڈاکٹر علی زیدی اور ڈپٹی کمشنر طحہ سلیم سے ہاکی گراؤنڈ کی تزئین وآرائش کے ساتھ ساتھ اسٹرو ٹرف اور علاقے کی فیمیلیز کے لیے واکنگ ٹریک بنانے کی درخواست پیش کی ۔ کلب کے بانی اور صدر صغیر حسین نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ خواجہ اظہار الحسن نے میچ سے قبل شجرکاری مہم کا افتتاح بھی کیا انہوں نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ گرائونڈ کے اندر اور باہر پودے لگائے انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ الصغیر ہاکی کلب نے قومی کھیل کے ویران اور اجڑے ہوئے میدان کو آباد کردیا یہ الصغیر ہاکی کلب کا اس علاقے کے لوگوں پر احسان ہے بحیثیت قوم ہم پر لازم ہے کہ ہم اپنے قومی کھیل سے بھی محبت کریں نارتھ کراچی میں ہاکی کے میدان آباد کرنے میں ہمارا تعاون ہمیشہ الصغیر ہاکی کلب کیساتھ رہے گا انہوں نے ایڈمنسٹریٹر ضلع وسطیٰ علی زیدی سے درخواست کی کہ فوری طور پر اس گرائونڈ کا اسٹینڈرڈ بہتر کیا جائے تاکہ نارتھ کراچی سے ہاکی کا ٹیلنٹ سامنے اسکے.
مہمان خصوصی ایڈمنسٹریٹر ضلع وسطیٰ ڈاکٹر علی زیدی نے کہا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل نارتھ کراچی ہاکی اسٹیڈیم اور اس سے منسلک کرکٹ گراؤنڈ کو انٹرنیشنل معیار کا بنائیگی اگلے سال 2022 میں اس منصوبے پر کام شروع کردیا جائیگا ہماری کوشش ہے کہ ہمارے ضلعے میں تمام کھیلوں کے میدان آباد رہیں ہاکی کے میدانوں کی حالت بہتر کرنا ہماری اولین ترجیح ہے. ڈپٹی کمشنر ضلع وسطیٰ طحہ سلیم نے کہا کہ انہوں نے نارتھ کراچی میں پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں ہاکی کے کھلاڑیوں کو کھیلتے دیکھا ہے یہاں ہر عمر کے لوگ موجود ہیں جنکا مقصد اس میدان کو آباد کرنا ہے اور یہ مقصد بہت جلد پورا ہوگا، اس موقع پر مہمانوں کو الصغیر نارتھ کراچی ہاکی اکیڈمی و کلب کے روح رواں نے مہمانوں کا شکریہ اداء کیا اور انتظامیہ کی جانب سے اجرک پہنائی گئی، پھولوں کا تحفہ دیا گیا اور یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئیں ..