سکس ریڈ بال اسنوکر ورلڈکپ،پاکستان کے بابر مسیح کو فائنل میں شکست

 سکس ریڈ بال اسنوکر ورلڈکپ میں پاکستان کے بابر مسیح  فائنل میں شکست کھا گئےاور وہ   سلور میڈل ہی جیت سکے۔

دوحہ میں ہونیوالے آئی بی ایس ایف سکس ریڈ بال اسنوکر ورلڈکپ میں پاکستان کے بابر مسیح  فائنل میں ناکام ہوگئے، انہیں ایک سخت مقابلے کے بعد بھارت کے پنکج ایڈوانی نے 5-7 سے شکست دی۔

 پاکستانی کیوئسٹ بابر مسیح چیمپئن شپ میں سلور میڈل کے حقدار ٹھہرے ہیں۔

ساڑھے تین گھنٹے جاری رہنے والے فائنل میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے کیوئسٹس کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا تاہم پنکج ایڈوانی کا تجربہ ان کو سبقت دلوانے میں اہم رہا۔

پنکج نے پہلے فریم میں13-42کی کامیابی کے ساتھ برتری حاصل کی لیکن اگلے ہی فریم میں بابر نے 14-38 کی کامیابی کے ساتھ حساب برابر کردیا۔

 تیسرے فریم میں بھارتی کیوئسٹ نے 32کی بریک کھیلتے ہوئے برتری پھر اپنے نام کی جب کہ چوتھا فریم بھی انہوں نے جیت کر لیڈ کو بڑھاکر2-3 کردیا۔

فائنل کے پانچویں فریم میں بابر نے پنکج ایڈوانی کی ایک نہ چلنے دی اور 53 کی بریک کھیلتے ہوئے اپنے خسارے کو کم کیا لیکن اس کے بعد بھارتی پلیئر نے مسلسل3  فریم جیت کر 2-6کی واضح برتری حاصل کرلی اور اس کے بعد انہیں ٹائٹل کیلئے صرف ایک فریم درکار تھا۔

پنکج کا ایک فریم کا انتظار اس وقت اور بڑھ گیا جب بابر مسیح نے نواں، دسواں اور گیارہواں فریم جیت کر مقابلہ 5-6 کیا اور پنکج ایڈوانی کو پریشانی میں مبتلا کردیا۔

 تاہم تجربہ کار بھارتی کیوئسٹ نے اپنے اعصاب پر قابو رکھا اور تیرہویں فریم میں اپنا انتظار ختم کرنے کیلئے 32 کی بریک کھیلی اور ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

پنکج ایڈوانی نے بیسٹ آف 13 فریمز پر مشتمل یہ فائنل 13-42، 14-38، 0-53، 19-42، 1-53، 17-47، 0-44، 3-36، 0-43، 12-46، 15-59 اور5-53 سے جیتا۔

تعارف: newseditor