ڈسڑکٹ میونسپل کارپوریشن ساؤتھ کے زیراہتمام اور سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے استاد علی محمد قنبرانی باکسنگ اسٹیڈیم ککری گراؤنڈ لیاری میں "ڈی ایم سی ساؤتھ ویمنز باکسنگ کوچنگ کیمپ” کا انعقاد کیا گیا کوچنگ کیمپ میں لیاری کے مختلف باکسنگ کلبس کی 55 سے زائد ویمن باکسرز نے شرکت کی جنہیں انٹرنیشنل باکسرز شیر محمد، یونس قنبرانی، محمد امین اور موسی قنبرانی نے تربیت دی کوچنگ کیمپ میں شریک ویمن باکسرز سے بات چیت کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹرڈی ایم سی ساؤتھ ڈاکٹر افشاں رباب سید نے کہا کہ پا کستانی خواتین کی صلاحیتیں دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ اسپورٹس میں بھی کسی طور کم نہیں ہیں ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ انہیں کھیلوں کا بہترین انفراسڑکچر اور مناسب پلیٹ فارم مہیا کیا جائے تا کہ وہ اپنے ٹیلنٹ کا بھرپور استعمال کرکے ملکی اور بین الا قوامی سطح پر ملک و قوم کا وقار بلند کرسکیں
اس موقع پر اولمپئین ملنگ بلوچ، انٹرنیشنل باکسرز عبدالرؤف، فداحسین، جمیل خان، احمدقنبرانی، ایس بی اے کے صدر اصغربلوچ،کے بی بی اے کے صدر غلام محمد خان،ساؤتھ باکسنگ کے سیکریٹری عبدالرزاق بھی موجود تھے ایڈمنسٹریٹر ساؤتھ ڈاکٹر افشاں رباب کاکہنا تھا کہ پا کستان میں لیاری کو باکسنگ کی نرسری کہا جاتا ہے یہاں سے رضیہ بانو اور مہرین نے ساؤتھ ایشین گیمز کے باکسنگ ایونٹ میں پاکستان کیلئے برونزمیڈلزجیتے ہیں لیاری کی ویمن باکسرز نے کھیل اور زندگی میں درپیش چیلینجز کا سامنا کرنے کے لئے جس ہمت کامظاہرہ کیا ہے وہ قابل تعریف ہے یہ بچیاں ہماری رول ماڈل ہیں انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہماری ذمے داری ہے ویمن اتھلیٹس کو باکسنگ کابہترین انفراسٹرکچر فراہم کرنے، ان کو درپیش مسائل کو سمجھنے اور ان کے حل کے لیے خود یہاں موجود ہوں مجھے امید ہے کہ کوچنگ کیمپ میں تربیت حاصل کرنے والے کھلاڑی مستقبل پاکستان کیلئے انٹرنیشنل ایونٹس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن باکسنگ کے کھیل کے فروغ کیلئے مسلسل ایونٹس آرگنائز کررہی ہے جس سے جہاں کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوتا ہے وہیں نئے ٹیلنٹ کو سامنے آنے میں بہت مدد ملتی ہے