پاکستان کے ٹاپ ریسلر انعام بٹ نے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں سازش کے تحت رومانیہ میں ہونے والی بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز کے آخری ٹورنامنٹ میں میڈل سے محروم کردیا گیا۔
پاکستان کے ٹاپ ریسلر انعام بٹ نے یونان اور اٹلی میں ہونے والی بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز کے ٹورنامنٹس میں گولڈ میڈل جیتے مگر رومانیہ میں ہونے والے آخری ٹورنامنٹ میں میڈل سے محروم رہے۔
راؤنڈ میچز میں یونان کے مشل تکوانی اور آذربائیجان کے ابراہیم یوزباو کو شکست دی تاہم یوکرین کے اولیکسی یاکووچک کے خلاف ان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
گروپ کے تین میں سے 2 میچز جیت کر بھی انعام بٹ کے پاس سیمی فائنل تک رسائی کا موقع تھا مگر آذربائیجان کے ریسلر ابراہیم کو یوکرین کے اولیکسی کے خلاف اضافی پوائنٹ دے دیا گیا اوریو ں انعام بٹ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔
ٹاپ ریسلر کا کہنا ہے کہ انہیں سازش کے تحت سیمی فائنل سے باہر کیا گیا، وہ سیمی فائنل تک رسائی کیلئے مضبوط پوزیشن میں تھے لیکن آذربائیجان اور یوکرین کے درمیان فائٹ میں آذربائیجان کے کھلاڑی کو سازش کے تحت ایک اضافی ٹیکنیکل پوائنٹ دیا گیا اور سیمی فائنل تک پہنچایا گیا۔
انعام بٹ نے اس فائٹ کو فکسڈ قرار دے کر رومانیہ ریسلنگ فیڈریشن اور یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
انعام بٹ نے کہا کہ جس ریسلر کو انہوں نے 0-3 ہرایا، اس ریسلر کو فائنل میں پہنچادیا گیا اور وہ ٹائٹل جیت گیا، وہ اس رویے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
پاکستانی چیمپئن ریسلر نے کہا کہ انہیں اس ہی سازش کا نشانہ بنایا گیا کہ جس کے تحت پاکستان اسپورٹس کو نشانہ بنایا جارہا ہے، اس سازش کی وجہ سے ہی نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کا دورہ ادھورا چھوڑ کر چلی گئی تھی۔
انعام بٹ نے واضح پیغام دیا کہ وہ ان اوچھے ہتھکنڈوں کی وجہ سے پریشان نہیں ہوں گے بلکہ پہلے سے بھی زیادہ پرجوش ہوکر پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور ملک کا پرچم سربلند کریں گے۔