سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جاری سندھ وومن کپ انٹر سٹی سپر لیگ چیمپیئن شپ میں گروپ اے سے ایس ایم ایس وومین کرکٹ کلب کراچی اور گروپ بی سے ایم حسین وومین کرکٹ کلب نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، ایس ایم ایس کلب کی انٹرنیشنل کھلاڑی حفصہ خالد نے چیمپیئن شپ کی پہلی سینچری اسکور کی، نیاز اسٹیڈیم میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ کے دوسرے روز بھی دو میچز کھیلے گئے، گروپ اے کے پہلے میچ میں ایس ایم ایس وومن کرکٹ کلب کراچی نے فزیکل اسپورٹس کالج سکھر کو باآسانی 136 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی، فاتح ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے انٹرنیشنل کھلاڑی حفصہ خالد کی تین ہندسوں کی اننگ کی بدولت مقررہ 20 اورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے
انٹرنیشنل کھلاڑی حفصہ خالد نے گیارہ چوکوں اور دو چھکوں کی بدولت 101 رنز بنائے انھوں نے تین ہندسوں کی اننگ مکمل کرنے کے لیے 66 گیندوں کا سامنا کیا، یسرہ عامر 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہی، ناکام سائیڈ کی جانب سے شہنیلا نے 29رنز کے عوض دو جبکہ دعا شیخ نے 30رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی جواب میں فزیکل اسپورٹس کالج کی ٹیم 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 73 رنز ہی بنا سکی، کشش 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہی، فاتح ٹیم کی جانب سے ثنیاء احسن نے دو رنز کے عوض دو جبکہ حرین سجاد نے پانچ رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی، اعجاز لودھی مارکیٹنگ منیجر پاکستان آئل مل نے حفصہ خالد کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا، کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں ایم حسین وومین کرکٹ کلب نے خیرپور وومین کرکٹ کو کلب کو باآسانی 106 رنز سے شکست دے دی، فاتح ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے
اقراء نعیم نے 34 جبکہ اریجا حسیب نے 33 رنز بنائے ناکام سائیڈ کی کپتان ذکیہ گل نے 33رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کی، جواب میں خیرپور وومین کرکٹ اکیڈمی کی ٹیم 17.5 اوورز میں 73 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ذکیہ گل دس رنز کے ساتھ نمایاں رہی، فاتح ٹیم کی جانب سے اریجا حسیب نے 10 رنز دے کر دو جبکہ بسماء امجد نے بھی 10رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کی، اس موقع پر مہمان خاص ڈائریکٹر کالجیز حیدرآباد ریجن پروفیسر عبد الحمید چنڑ نے مشترکہ طور پر اریجا حسیب اور بسماء امجد کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا، جبکہ سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز سید امتیاز کی جانب سے چیمپئن شپ کی ونر ٹیم کو دو لاکھ اور رنر اپ ٹیم کو ایک لاکھ روپے نقد دینے کا اعلان کیا گیا۔(ختم شد)