نیشنل ٹی ٹونٹی میں شریک ٹیموں نےاپنے لون کھلاڑیوں کا انتخاب کرلیا

راولپنڈی میں جاری نیشنل ٹی ٹونٹی میں شریک تین ٹیموں نے پانچ لون کھلاڑیوں کا انتخاب کرلیا ہے۔ پانچوں کھلاڑی اب ٹورنامنٹ کے بقیہ پچیس میچز میں اپنی نئی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔

کھلاڑیوں کے نام:
بلوچستان : عبداللہ شفیق (سینٹرل پنجاب سے آئے)،سہیل اختر (ناردرن سے آئے) اور محمد محسن (کسی اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے)
سینٹرل پنجاب: ثمین گل (خیبرپختونخوا سے آئے)
سدرن پنجاب: اسامہ میر (کسی اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے)

اب تک صرف ایک کامیابی کے ساتھ ٹورنامنٹ کے پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر موجود بلوچستان نے عبداللہ شفیق اور سہیل اختر کو اسکواڈ میں شامل کرکے اپنے ٹاپ آرڈر کو مضبوط کیا ہے۔

اکیس سالہ عبداللہ شفیق نے گزشتہ سال اپنے ٹی ٹونٹی کیرئیر کا آغاز کیااورڈیبیو پر سنچری اسکور کی تھی۔انہوں نے اس ٹورنامنٹ میں 39.90 کی اوسط سے399 رنز اسکور کیے تھے۔دوسری طرف سہیل اختر اب تک اپنے کیرئیر میں 1571 ٹی ٹونٹی رنز بناچکے ہیں۔

بلوچستان نے یاسر شاہ کی جگہ محمد محسن کو بھی اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ تجربہ کار لیگ اسپنر دائیں ہاتھ میں گیند لگنے کے باعث ہیر لائن فریکچر کا شکار ہوکر آئندہ 10 روز کے لیے ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔

دوسری طرف سینٹرل پنجاب نے فاسٹ باؤلر ثمین گل کو اپنے اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ بائیس سالہ فاسٹ باؤلر اب تک 27 ٹی ٹونٹی وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

اُدھر سدرن پنجاب نے لیگ اسپنر اسامہ میر کو شامل کرکے اپنے اسپن ڈیپارٹمنٹ کو مضبوط بنالیا ہے۔

لون ونڈو کے اس عمل کی نگرانی چیف سلیکٹر محمد وسیم اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان نے کی۔نیشنل ٹی ٹونٹی کا نواں میچ جی ایف ایس سندھ اور بلوچستان کے مابین بدھ کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلاجائے گا۔

تعارف: newseditor