ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں جاری میچ میں سندھ نے میزبان سینٹرل پنجاب کے خلاف شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 293 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں مقررہ 83 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 396 رنز بنائے ۔ عمیر بن یوسف محض 6 رنز کی دوری سے ڈبل سنچری اسکور نہیں کرسکے۔انہوں نے 19 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 194 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ صائم ایوب 78 اور محمد شاہد 61 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ نثار احمد نے 3 اور محمد فیضان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ میچ کے تیسرے روز سینٹرل پنجاب کی ٹیم 103 رنز کی خسارے سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرے گی۔
اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں جاری میچ میں بلوچستان نے کے پی کے خلاف مجموعی طور پر 166 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔ بلوچستان نے میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 7 وکٹوں کے نقصان پر 89 رنز بنالیے ہیں۔ نجیب اللہ 4 اور محمد جاوید 9 کے انفراد ی اسکورز سے کھیل کادوبارہ آغاز کریں گے۔ اس سے قبل محمد جاوید کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت خیبرپختونخوا کی پوری ٹیم 219 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں 142 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ محمد جاوید نے 65 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں۔ نیاز خان 41 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔
اُدھر رانا نوید الحسن اکیڈمی شیخوپورہ میں جاری میچ میں ناردرن کو سدرن پنجاب کے خلاف دوسری اننگز میں 14 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے جبکہ اس کی ابھی دس وکٹیں باقی ہیں۔ محمد حریرہ 14 اور عبدالفصیح 7 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔ اس سے قبل سدرن پنجاب نے 329 رنز کے جواب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز پر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی۔ وکٹ کیپر بیٹر وقار حسین نے 102 رنز بنائے۔ان کی اننگز میں 16 چوکے شامل تھے۔ کپتان معین الدین نے 55 رنز اسکور کیے۔ناردرن کے رضا حسن نے 3 اور عامر جمال نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔