قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے معروف سٹیج اداکار اور کامیڈین عمر شریف کی وفات پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق معروف ادکار اور کامیڈین عمر شریف انتقال کر گئے۔عمر شریف کو علاج کے لیے امریکا لے جایا جا رہا تھا تاہم طبعیت خراب ہونے پر عمر شریف کو جرمنی کے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
امریکا پہنچنے سے قبل ہی عمر شریف اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔ عمر شریف کی اہلیہ نے بھی ان کے انتقال کی تصدیق کر دی۔ عمر شریف کے انتقال پر معروف سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے اور ان کے بلند درجات کے لیے دعا کی جا رہی ہے۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ’’لوگوں کو ہنسانا دنیا کا مشکل ترین کام ہے لیکن عمر شریف نے یہ کام خوب مہارت سے کیا۔
میں نے ہمیشہ ان کی کامیڈی انجوائے کی۔ ان کے پاس بے پناہ ہنر تھا، وہ بولتے تو کوئی ان کو میچ نہ کر پاتا۔ سب کو ہنسانے والا، سب کو رلا گیا۔ ہم سب ان کے جدا ہونے پر غمگین ہیں۔ اللہ مغفرت کرے ،آمین‘‘۔